گیس و بجلی کی لوڈ شیڈنگ و زائد بلنگ کے خلاف مشتعل افراد کے مظاہرے

لسبیلہ چوک اور کیماڑی کے مکین سڑکوں پر، قیوم آباد میں 10 روز سے گیس کی لوڈ شیڈنگ سے تنگ مکینوں کاکورنگی روڈ پر دھرنا

حب ریور روڈ پر مکینوں نے سوئی گیس کی عدم فراہمی پر سڑک ٹریفک کیلیے بند کر دی، گاڑیوں کی قطاریں، کورنگی میں بھی گیس غائب ۔ فوٹو : ایکسپریس

گیس و بجلی کی لوڈشیڈنگ وزائد بلنگ کے خلاف کئی علاقوںمیں مشتعل افراد نے مظاہرے کیے۔

کورنگی قیوم آباد میں گزشتہ 10 روز سے گیس کی بدترین لوڈشیڈنگ سے عاجز آکر مشتعل علاقہ مکینوں کی بڑی تعداد گھروں سے نکل آئی اور انھوں نے قیوم آباد چورنگی مین کورنگی روڈ پر احتجاجی دھرنا دیتے ہوئے ٹریفک معطل کر دیا اور فوری طور پر گیس کی فراہمی کا مطالبہ کیا اس موقع پر شرکا نے حکومت اور سوئی سدرن گیس کمپنی کے خلاف مذمتی بینرز اور پلے کارڈز بھی اٹھا رکھے تھے۔


مظاہرین کا کہنا تھا کہ سوئی سدرن گیس کمپنی نے اگر فوری طور پر گیس بحال نہیں کی گئی تو ان کے ہیڈ آفس کا گھیراؤ کیا جائیگا ، مظاہرین کا کہنا تھا کہ سو فیصد بل کی وصولی کے باوجود گیس کی عدم فراہمی سمجھ سے بالاتر ہے ایک جانب گیس نہیں آرہی تو کے الیکٹرک بھی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ سے جان نہیں چھوڑ رہا آخر کس کے در پر جا کر فریاد کریں کراچی کو اپنا شہر کہنے والے سب ہی موقع پرست ہیں، غریبوں کے لیے کوئی آواز اٹھانے والا نہیں ۔

حب ریور روڈ پر بھی علاقہ مکینوں نے سوئی گیس کی عدم فراہمی کے خلاف احتجاج کیا جس کے باعث حب ریور روڈ اور باردرن بائی پاس پر آنے وار جانے والے دونوں ٹریک پر ٹریفک معطل ہوگیا اور گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ گئیں جس کے باعث عام شہریوں کو بھی شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔


دریں اثنا کے الیکٹرک کی جانب سے گیس کی کمی کو جواز بنا کر شہر بھر میں غیر اعلانیہ طویل لوڈشیڈنگ کے خلاف لسبیلہ چوک پر بھی علاقہ مکینوں نے احتجاج کرتے ہوئے کے الیکٹرک کے خلاف نعرے لگائے اور فوری طور پر بجلی کی فراہمی کا مطالبہ کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ زندگی کو اجیرن بنا دیا ہے شکایات کے باوجود کہیں بھی شنوائی نہیں ہو رہی،وفاقی اور سندھ حکومت کراچی کے مسائل حل ہی نہیں کررہی ہیں، احتجاج کے باعث پیٹل پاڑہ اور لسبیلہ سے تین ہٹی جانے والی شارع پر ٹریفک معطل ہوگیا جس کے باعث ملحقہ علاقوں میں بدترین ٹریفک جام ہوگیا۔

کیماڑی کے علاقے میں علاقہ مکینوں نے بجلی کی عدم فراہمی اور زائد بلنگ کے خلاف جیکسن باراز مزار کے قریب احتجاجی مظاہرہ کیا جس کے باعث ایم اے جناح روڈ آنے اور جانی والی دونوں سڑکوں پر ٹریفک معطل ہو گیا اور گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ گئیں تاہم احتجاجی مظاہروں کی اطلاعات پر پولیس نے موقع پر پہنچ کر مظاہرین کو بات چیت کے بعد پرامن طور پر منتشر کر کے ٹریفک بحال کرا دیا۔
Load Next Story