راولپنڈی گریسی لین کے قریب خودکش حملہ ایس ایچ او سمیت 4 افراد جاں بحقمتعدد زخمی

دھماکا انتہائی زوردار تھا جس کی آواز میلوں دور تک سنائی دی اور علاقے میں شدید خوف وہراس پھیل گیا


ویب ڈیسک December 17, 2013
زخمیوں میں سے بعض کی حالت تشویشناک ہے جس کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔ فوٹو: آئی این پی

گریسی لین کے قریب خودکش حملے کے نتیجے میں ایس ایچ او سمیت 4 افراد جاں بحق اور پولیس اہلکاروں سمیت متعدد زخمی ہوگئے۔


ایکسپریس نیوز کے مطابق خودکش حملہ گریسی لین کے قریب امام بارگاہ کے باہر ہوا جس کے نتیجے میں ایس ایچ او سمیت 4 افراد جاں بحق اور پولیس اہلکاروں سمیت متعدد زخمی ہوگئے، دھماکا انتہائی زوردار تھا جس کی آواز میلوں دور تک سنائی دی اور علاقے میں شدید خوف وہراس پھیل گیا جبکہ اس سے کئی گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کو بھی نقصان پہنچا، دھماکے کے بعد پولیس اور حساس اداروں کے اہلکاروں نے جائے وقوعہ کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھے کرنا شروع کردیئے جبکہ امدادی ٹیموں نے بھی کارروائیوں کا آغاز کردیا اور زخمیوں کو طبی امداد کے لئے بینظیر اسپتال منتقل کردیا تاہم زخمیوں میں سے بعض کی حالت تشویشناک ہے جس کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔


پولیس ذرائع کے مطابق خودکش حملہ آور پیدل آیا اور جس اسے روکنے کی کوشش کی گئی تو اس نے دھماکا کردیا جبکہ واقعے کے بعد شہر کے اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے اور ڈاکٹروں کی چھٹیاں منسوخ کردی گئی ہیں۔


دوسری جانب مختلف شیعہ تنظیموں، وزیر اعظم نواز شریف، ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین اور جماعت اسلامی کے امیر منور حسن سمیت مختلف سیاسی اور مذہبی رہنماؤں نے راولپنڈی دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے اسلام اور ملک دشمنی قرار دیا ہے جبکہ امامیہ رابطہ کونسل خیبر پختونخوا کی جانب سے دھماکے کے خلاف 3 روزہ سوگ کا اعلان کیا گیا ہے۔


 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔