علی ظفرکی سوشل میڈیا پرنفرت انگیزمواد کیخلاف سائبرکرائم کودرخواست

ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ نے علی ظفر کیخلاف چلنے والے نفرت انگیز مواد پر تحقیقات شروع کی ہیں


/طالب فریدی September 19, 2020
علی ظفر کو حکومت پاکستان کی جانب سے پرائڈ آف پرفارمنس ملنے پر زبردست تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے فوٹوفائل

معروف گلوکاراورفلم اسٹار علی ظفر نے اپنے خلاف سوشل میڈیا پر نفرت انگیز مواد پھیلانے والوں کے خلاف ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ میں درخواست دی ہے۔

علی ظفرکوحکومت پاکستان کی جانب سے پرائڈ آف پرفارمنس ملنے پرتنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے اورسوشل میڈیا پر ان کے خلاف انتہائی نازیبا الفاظ اوران کی تصاویرغیر اخلاقی ویڈیوز کلپ کے ساتھ شیئر کی جارہی ہیں۔ اس کے علاوہ سوشل میڈیا پر میشا شفیع کے اسکینڈل کو پھرسے نمایاں کرکے کہا جارہا ہے کہ وہ پرائڈ آف پرفارمنس کے حق دار نہیں بلکہ ان کے خلاف کارروائی کی جائے۔

کچھ لوگوں نے فیس بک اور ٹوئٹرسمیت یوٹیوب پر ان کے مخصوص گانوں اور فلموں کے سینز کو ایڈٹ کرکے نازیبا الفاظ کے ساتھ وائرل کردیا ہے اور یہ سلسلہ تواترکے ساتھ جاری ہے۔ علی ظفر نے ایف آئی اے کو جو درخواست دی ہے اس کے ساتھ یہ ثبوت بھی فراہم کیے ہیں اور ان ثبوتوں کی بنیاد پر ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ نے تحقیقات شروع کی ہیں۔

جب اس سلسلے میں ایڈیشنل ڈائریکٹرسائبر ونگ لاہور ابوزر سبطین سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے کہا کہ انہیں علی ظفر کی جانب سے درخواست موصول ہوئی ہے اور قانون کے مطابق اس پر کارروائی کریں گے۔

دوسری جانب ایف آئی اے ذرائع نے بتایا کہ علی ظفر کے خلاف میشا شفیع کو جنسی طور پر ہراساں کرنے کے کیس کی تحقیقات بھی ایف آئی اے سائبرونگ ہی کررہا ہے جو آخری مراحل میں ہے۔ جلد ہی اس کیس میں ملوث افراد کو گرفتارکر کے قانون کے تحت کارروائی عمل میں لائی جائے گی اس کیس میں پاکستان ڈراما انڈسٹری اور شوبز سے وابستہ کئی افراد اس حوالے سے اپنا بیان ریکارڈ کرا چکے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں