وزیر اعظم ملک کی فلمی صنعت کو بحال کرنے کے مشن پر

مقامی مواد کی کمی کی وجہ سے غیر ملکی مواد خریدنے پر مجبور ہوئے، عمران خان


ویب ڈیسک September 19, 2020
نوجوان نسل کو شعور دینے کے لیے فلموں کے ذریعے اپنی ثقافت اور معاشرتی اقدار کو فروغ دینا ضروری ہے، وزیراعظم عمران خان فوٹوفائل

وزیر اعظم عمران خان نے متعلقہ وزارتوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ ملک میں فلم انڈسٹری کے فوری بحالی کے لئے کوششیں کریں۔

وزیر اعظم عمران خان نے ایک خصوصی اجلاس کی صدارت کی جس کے دوران کورونا وبا پھیلنے کی وجہ سے بند ہونے والے سینما اور فلم انڈسٹری کی فوری بحالی اور ملک بھر میں سینما گھر کھولنے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر اعظم کو اجلاس میں ملک میں بتدریج سینما گھروں کی کھولنے اور کووڈ-19 پروٹوکول پر سختی سے عمل درآمد کے بارے میں بتایا گیا۔

اجلاس کے دوران وزیر اعظم نے اعلی معیار کا مقامی مواد تیار کرکے پاکستان کی فلمی صنعت کو بہتر بنانے پر زور دیا۔ انہوں نے متعلقہ وزارتوں کو ہدایت کی کہ وہ اس کے روشن مستقبل کے لئے روڈ میپ تیار کرنے پر کام کرے۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا ''نوجوان نسل کو شعور دینے کے لیے فلموں کے ذریعے اپنی ثقافت اور معاشرتی اقدار کو فروغ دینا ضروری ہے۔ بدقسمتی سے ، مقامی مواد کی کمی کی وجہ سے ہم نوجوانوں کو اپنی تاریخ نہیں دکھا پاتے۔''

انہوں نے مزید کہا ''ہمیں غیر ملکی مواد خریدنے پر مجبور کیا گیا جس نے مواد کے معیار کے حوالے سے ہمیں پیچھے دھکیل دیا۔ اب وقت آگیا ہے کہ ہمیں اپنی فلم انڈسٹری کی بحالی کے لئے کوششیں تیز کرنی ہوں گی۔''

وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ، لیفٹیننٹ جنرل (ر) عاصم سلیم باجوہ نے ٹویٹ کے ذریعے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ وزیر اعظم خان پاکستان کی فلمی صنعت کی بحالی اور متحرک کرنے کے مشن پر گام زن ہیں۔

پاکستان کے نامور اداکار فہد مصطفی نے عاصم سلیم باجوہ کے ٹویٹ کے جواب میں، لکھا۔ سر آپ کے ساتھ کام کرنے کے منتظر ہیں۔



یہاں یہ تذکرہ کرنا مناسب ہوگا کہ ہمایوں سعید ، فیصل قریشی ، شان شاہد جیسے اداکاروں نے ملک میں بے حد مقبولیت پانے والے ترک ڈراما سیریل ''دیریلش، ارطغرل'' جیسی بڑی پروڈکشن میں حکومت کے کردار کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ اس ڈرامے نے پاکستان میں مقبولیت کے ریکارڈ توڑ دئیے ہیں۔ وزیر اعظم عمران خان کی خصوصی ہدایت پر ''دیریلش؛ ارطغرل'' کو ''ارطغرل غازی'' کے نام سے پاکستان کے سرکاری ٹی وی چینل پر نشر کیا جارہا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں