روس میں پاکستان کی کیوکازمشقوں میں شرکت بھارت نہ آیا

آسترکھان میں افتتاح،مشقیں26ستمبر تک ہونگی،مختلف ممالک کے80 ہزار اہلکار شریک ہونگے


مشقوں کے شرکا باہمی تجربات کا مظاہرہ کرینگے، ترجمان پاک فوج، بھارتی فیصلہ بچگانہ ہے، ماہرین۔ فوٹو:فائل

پاکستان آرمڈ فورسز کے دستوں نے روس میں شروع ہونے والی کثیر القومی فوجی مشقوں ''کیوکاز 2020 ء'' کی افتتاحی تقریب میں شرکت کی۔

ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل بابر افتخار کے مطابق کثیرالقومی فوجی مشقوں '' کیوکاز 2020ء '' کی افتتاحی تقریب روس کے جنوبی شہر آسترکھان میں منعقد ہوئی، پاکستان آرمڈ فورسز کے دستے نے ان کیوکاز سٹریٹجک کمانڈ فوجی مشقوں کی افتتاحی تقریب میں شرکت کی۔

انہوں نے ایک ویڈیو بھی ٹویٹ کی جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ پاکستان آرمڈ فورسز کے دستے روس میں ہونیوالی ان فوجی مشقوں کی افتتاحی تقریب میں شرکت کر رہے ہیں۔

21 سے 26 ستمبر تک جاری رہنے والی ان مشقوں میں پاکستانی مسلح افواج کا دستہ حصہ لے رہا ہے، فوجی مشقوں کے شرکاء باہمی تجربات، حربی صلاحیتوں کا مظاہرہ کریں گے، ساتھ ہی شرکاء کو مختلف چیلنجز پر رد عمل کو جانچنے کا موقع بھی ملے گا، شرکاء کو اپنے جدید ملٹری ہارڈ وئیر اور ٹیکنالوجی کے مظاہرے کا بھی موقع ملے گا، پاکستان نے گزشتہ سال اسی سلسلے کی ٹی سنٹر 2019ء میں بھر پور شرکت کی تھی۔

پاکستان سمیت قازقستان، کرغیزستان، تاجکستان اور ازبکستان شریک ہوئے تھے، کیوکاز مشقوں میں خطے کے دیگر ممالک کو بھی شرکت کی دعوت دی گئی ہے، کیوکاز سٹریٹجک کمانڈ مشقوں میں80 ہزار سے زائد اہلکاروں کی شرکت متوقع ہے، کیوکاز مشقوں میں خطے کے دیگر ممالک کو بھی شرکت کی دعوت دی گئی تھی، تاہم بھارت شرکت سے آخری وقت میں بھاگ گیا۔

دفاعی ماہرین نے بھارتی فیصلہ بچگانہ اور تنگ نظری قرار دیتے ہوئے امکان ظاہر کیا ہے کہ بھارت مشقوں میں پاکستان اور چین کی موجودگی سے بھاگا، بھارت چین سرحدوں پر تنازعے میں لداخ میں بھارتی فوج کی چینی فوج کے ہاتھوں بننے والی درگت کو بھی مشقوں سے پیچھے ہٹنے کی وجہ قرار دیا جارہا ہے۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔