گوگل نے پاکستان میں سرچ رجحانات کی جائزہ رپورٹ جاری کردی

رواں سال الیکشن کمیشن، پال واکر، گلیکسی ایس فور 10 سرفہرست سرچز میں شامل


Business Reporter December 18, 2013
پاکستانیوں نے کرکٹ، بالی وڈ فلمز اور ترکی ڈراموں میں بھی دلچسپی کا اظہار کیا فوٹو: فائل

پاکستان میں سال 2013 کے دوران گوگل سرچ کے ذریعے سب سے زیادہ تلاش کی جانے والی سائٹس میں الیکشن کمیشن آف پاکستان بھی شامل ہیں۔

گوگل نے سرچ رجحانات کی سالانہ جائزہ رپورٹ Year End Zeitgeist جاری کردی ہے جس کے مطابق الیکشن کمیشن آف پاکستان حیرت انگیز طور پر پاکستان میں سب سے زیادہ کی جانے والی 10 سرچز میں شامل ہے جس سے اس سال کے الیکشن کے حوالے سے مقامی جوش و خروش کا اندازہ ہوتا ہے، اپنی ناگہانی موت کے باعث پال واکر اس سال پاکستان میں سب سے زیادہ سرچ کی جانے والی مشہور شخصیت بن گئے، مشینی ڈیوائسز میں گلیکسی ایس فور توجہ کا مرکز رہا، اس سال سرچ کیے جانے والے رجحانات کھیل، بالی وڈ فلموں، خبروں، الیکشن اور ترکی ڈراموں میں بڑھتی ہوئی دلچسپی کو ظاہر کرتے ہیں جبکہ سب سے زیادہ سرچ کی جانے والی شخصیات یہ ظاہر کرتی ہیں کہ پاکستانی کئی مختلف مقامی اور عالمی شخصیات کے حوالے سے جاننے میں دلچسپی رکھتے ہیں۔



رواں سال کی سب سے زیادہ سرچ کی جانے والی 3شخصیات میں پال واکر، جیا خان اور نیلسن منڈیلا شامل ہیں، کھیلوں کے حوالے سے آن لائن جاننے کا رجحان پاکستان میں سرفہرست رہا جوکرکٹ اور دوسرے کھیلوں کی پاکستانیوں میں مقبولیت کو ظاہر کرتا ہے۔ پاکستان کے کنٹری کنسلٹنٹ بدر خوشنود کے مطابق ''گوگل وہ پہلی جگہ ہے جسے پاکستانی اپنے پسندیدہ کھیلوں، تازہ ترین خبروں، فلموں اور ستاروںیا نئی چیزوں اور لوگوں کے بارے میں جاننے کے حوالے سے ترجیح دیتے ہیں، ''Year End Zeitgeist'' ایک ثقافتی پیمانہ ہے جو ہمیں اہم مواقع، آن لائن مواد کی ترجیحات اور بڑھتے ہوئے رجحانات کے حوالے سے ایک حقیقی تصویر فراہم کرتا ہے جس کے تحت پاکستان میں 2013 میں سب سے زیادہ کی جانے والی سرچز کا جائزہ لیا گیا ہے، 2013 میں پاکستان میں تازہ ترین عالمی تقریبات اور واقعات کے حوالے سے کی گئی سرچ میںلوگوں کی دلچسپی کی نشاندہی ہوتی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں