آپریشن کی آڑ میں ہراساں کیا جا رہا ہے تاجر رہنما کابینہ میں نمائندگی کا مطالبہ

بھتہ خوروں کے خلاف جاری آپریشن کو چند اداروں کے سیکیورٹی حکام ناکام بناکر تاجروں کو پریشان کررہے ہیں،جمیل پراچہ


Business Reporter December 18, 2013
اعلیٰ عدالتوں سے رجوع کرکے احتجاجی تحریک بھی چلائیں گے۔فوٹو:فائل

کراچی سمیت سندھ بھر میں تاجروں کو درپیش مسائل کے حل اور معیشت کو مستحکم کرنے کے لیے ضروری ہے کہ سندھ تاجر اتحاد کو کابینہ میں نمائندگی دی جائے کراچی آپریشن کو متنازع بنانے کے لیے چند قانون نافذ کرنے والے ادارے تاجروں کو ہراساں کررہے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار سندھ تاجر اتحاد کے چیئرمین جمیل احمد پراچہ، حق پرست رکن سندھ اسمبلی عدنان احمد، خاکسار حاجی نثار احمد شیخ، کاشف صابرانی اور اسماعیل لالپوریہ نے تاجر اتحاد گلشن اقبال کے دفتر کے افتتاح کے موقع پر کیا، جمیل احمد پراچہ نے کہا کہ کراچی کے تاجر مظلوم ہیں وزیر اعظم نے کراچی میں تاجروں کے ساتھ ہونے والی نا انصافیوں، بھتہ خوری، ٹارگٹ کلنگ اور اغوا برائے تاوان کا نوٹس لیتے ہوئے کراچی میں آپریشن کا آغاز کروایا اور اس کے خاطر خواہ نتائج بھی سامنے آنا شروع ہوئے لیکن چند اداروں کے حکام آپریشن کو ناکام بنانے کے لیے تاجروں کو ہراساں کررہے ہیں، ہم ان زیادتیوں پر خاموش نہیں رہیں گے اور اعلیٰ عدالتوں سے رجوع کرکے احتجاجی تحریک بھی چلائیں گے، سندھ تاجر اتحاد کے سندھ کے 18اضلاع میں دفاتر قائم ہوگئے ہیں۔



کراچی سمیت سندھ بھر کے تاجر سندھ تاجر اتحاد کے بینر تلے ایک ہوگئے ہیں، ایم کیو ایم کے حق پرست رکن سندھ اسمبلی عدنان احمد نے کہا کہ قائد تحریک الطاف حسین نے ہمیشہ بھائی چارگی اور اتحاد کا درس دیا ہے، میرے حلقہ انتخاب کے تاجروں کی جانب سے سندھ تاجر اتحاد کا قیام قابل تحسین ہے، کراچی سمیت ملک بھر کے تاجروں کے مسائل پر ایم کیو ایم نے ہمیشہ آواز بلند کی ہے، تاجر اتحاد گلشن اقبال کے صدر خاکسار حاجی نثار احمد شیخ نے کہا کہ تاجر اتحاد کو بنانے کا واحد مقصد گلشن اقبال ٹائون کے تمام تاجروں کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کرنا ہے، ہم سندھ بھر کے تاجروں کو درپیش مسائل پر آواز بلند کرنے کے لیے ایک ہیں ملک کی معیشت کو استحکام بخشنے اور کراچی میں قیام امن کیلیے ضروری ہے کہ صوبائی کابینہ میں سندھ تاجر اتحاد کو نمائندگی دی جائے تاکہ وہ تاجروں کے حقیقی مسائل پر آواز بلند کرسکے، اس موقع پر مہمانان نے فیتہ کاٹ کر نئی آفس کا افتتاح کیا، تقریب میں گلشن اقبال کی مارکیٹوں کے عہدیداران اور تاجروں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں