پاکستان کرکٹ کے بڑوں کو قائمہ کمیٹی نے بلا لیا
مانی،وسیم اورندیم بدھ کوملازمین کی بھاری تنخواہوں کے سوال کا جواب دیں گے
پاکستان کرکٹ کے بڑوں کو قائمہ کمیٹی نے بلا لیا،چیئرمین احسان مانی،چیف ایگزیکٹیو وسیم خان اور ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس ندیم خان قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے قانون و استحقاق کے اجلاس میں بدھ کو پیش ہوں گے، انھیں وہاں چوہدری محمد حامد حمید کی طرف سے ملازمین کی بھاری تنخواہوں کے حوالے سے اٹھائے گئے سوالات کے جواب دینا ہوں گے۔
دوسری جانب ملکی کرکٹ کے فیصلہ سازوں نے نتھیا گلی کے پْرفضا مقام پر اگلے تین سالہ پلان پرتفصیلی مشاورت مکمل کرلی،احسان مانی کی زیرصدارت ہونے والے اجلاس میں تمام شعبوں کے سربراہان نے شرکت کی تھی، شرکا نے 2سالہ کارکردگی کا جائزہ لینے کے ساتھ مستقبل کی حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا۔ پی سی بی ترجمان کے مطابق یہ ایک معمول کا اجلاس تھا جس میں سب نے اپنی کارکردگی رپورٹ پیش کی اور مستقبل کے لائحہ عمل پر نقطہ نظر بیان کیا۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں زمبابوے سے سیریز کی تیاریوں کو حتمی شکل دے دی گئی، اگلے ماہ مہمان ٹیم کی آمد کے پیش نظر مجوزہ شیڈول اور سیکیورٹی انتظامات سمیت تمام معاملات پر حکومتی عہدیداروں کو اعتماد میں لینے کے بعد سیریز کے پروگرام کا باقاعدہ اعلان چند روز میں کیا جائے گا۔
اجلاس میں شرکا کو بتایا گیا کہ پی ٹی وی اسپورٹس سے تین سالہ معاہدے کے بعد تمام شعبوں کی ذمہ داریوں میں اضافہ ہوجائے گا،اس حوالے سے مجوزہ پلاننگ پر بھی بریفنگ دی گئی،ملکی اور انٹرنیشنل سیریز کی براہ راست کوریج کے لیے بورڈ خود پروڈکشن کرے گا۔
فارغ اوقات میں مختلف پروگرام تیار کرکے چلائے جائیں گے۔اجلاس میں ڈومیسٹک کرکٹ ٹورنامنٹس اور دیگر امور پر غور کرنے کے ساتھ بعض اہم سفارشات پر اتفاق کرنے کے بعد گورننگ بورڈ کے شرکا کو بھی اعتماد میں لینے کا فیصلہ کیاگیا۔ کوڈ آف ایتھکس لاگو کرنے پر بھی زور دیا گیا۔