پشاور قدیم ترین شہر اور یہاں وقت گزارنا ایک اعزاز ہے امریکی قونصلر جنرل

سبکدوش امریکی قونصلر جنرل نےبلین ٹری سونامی اورشمسی توانائی جیسے پراجیکٹس کوماحولیات کی حفاظت کیلیے اچھا اقدام قراردیا

پشاور کی مرغ کڑاہی اور چپلی کبابپسندیدہ کھانے ہیں، سی بی ٹونی۔ فوٹو : ایکسپریس

سبکدوش ہونے والے امریکی قونصلر جنرل سی بی ٹونی کا کہنا ہے کہ پشاور دنیا کے قدیم ترین شہروں میں سے ایک ہے اور یہاں وقت گزارنا ایک اعزاز ہے۔

ایکسپریس ٹریبیون کو دیے گئے انٹرویو میں صوبائی دارالحکومت پشاور سے سبکدوش ہونے والے امریکی قونصلر جنرل سی بی ٹونی کا کہنا ہے کہ پشاور دنیا کے قدیم ترین شہروں میں سے ایک ہے اور یہاں وقت گزارنا ایک اعزاز ہے جب کہ یہاں کے لوگوں سے کافی متاثر ہوا ہوں، پشاور کی مرغ کڑاہی، چپلی کباب، آم اور قہوہ پسندیدہ کھانے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ یہاں قیام کے دوران تاریخی مسجد مہابت خان، سینٹ جان کیتھیڈرل چرچ اور سوات سب سے زیادہ پسند آیا۔


امریکی قونصلر جنرل سی بی ٹونی نے کہا کہ ویسے تو صوبائی حکومت، پشاور قونصل خانہ اور اسلام آباد میں امریکی سفارتخانہ مختلف چیزوں پر مل کر کام کر رہے ہیں تاہم کورونا وبا کے دوران اس تعاون کو تیز کیا گیا تھا اور قونصل خانے کے علاوہ سفارت خانے نے کورونا وبا پر تیزی سے قابو پانے کے لیے ہر ممکن تعاون بڑھایا ہے۔

امریکی قونصل جنرل کے مطابق خیبر پختونخواہ حکومت کے ساتھ صحت، تعلیم کے مواقع، سیاحت، صاف پانی، صفائی ستھرائی اور سیکیورٹی کو بہتر بنانے پر کام کرنا خوشی کی بات ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت کو چاہیے کہ ماحول کے تحفظ پر توجہ مرکوز رکھے اور توانائی ذرائع کو ترقی دینا سرفہرست حدف ہونا چاہیے جب کہ بلین ٹری سونامی، بی آر ٹی، ری سائیکلنگ وغیرہ سمیت شمسی توانائی ماحولیات کی حفاظت کے لیے اچھے اقدامات ہیں۔
Load Next Story