وزیراعظم کے سامنے جب بھی معاملہ لایا گیا وہ حل ہوا اسلام آباد ہائیکورٹ

وزیراعظم کی توجہ اس جانب دلائی جائے کہ وفاقی دارالحکومت کے عام لوگوں کے بنیادی حقوق متاثر ہورہے ہیں، عدالت


ویب ڈیسک September 21, 2020
وزارت داخلہ کے لوگ خود مفادات کے ٹکراؤ کا باعث بن رہے ہیں، اسلام آباد ہائی کورٹ

اسلام آباد ہائی کورٹ کا کہنا ہے مطمئن ہیں کہ وزیراعظم کے سامنے جب بھی معاملہ لایا گیا وہ حل ہوا ہے۔

اسلام آباد ہائی کورٹ میں وفاقی دارالحکومت میں بڑھتے ہوئے جرائم کے خلاف کیسز کی سماعت ہوئی، کیس کی سماعت چیف جسٹس اطہر من اللہ نےکی، مشیر داخلہ مرزا شہزاد اکبر عدالت کے سامنے پیش ہوئے۔ چیف جسٹس اطہر من اللہ نے ریمارکس دیئے کہ عدالت کو معلوم ہوا ہے کہ اس شہر میں ریاست کی رٹ کہیں نظر نہیں آتی، پولیس کے تفتیشی افسران اپنے کام میں ماہر نہیں، وفاقی حکومت کے ماتحت یہ شہر ماڈل ہونا چاہیے لیکن ایسا نہیں ہے، اسلام آباد کچہری کو دیکھیں جس کی حالت بہت ابتر ہے، یہاں اس شہر میں صرف امیروں کی خدمت کی جاتی ہے۔

عدالت نے مشیر داخلہ کو ہدایت کی کہ آپ اپنی ایکسپرٹسی کی بنیاد پر رپورٹ تیار کریں، وزیراعظم کی توجہ اس جانب دلائیں کہ یہاں عام لوگوں کے بنیادی حقوق متاثر ہورہے ہیں، عدالت مطمئن ہے کہ وزیراعظم کے سامنے جب بھی معاملہ لایا گیا وہ حل ہوا ہے۔ مشیر داخلہ شہزاد اکبر نے جواب دیا کہ وزیراعظم کے نوٹس میں ایک صحافی کا معاملہ لایا گیا تو انہوں نے فوری حکم دیا، ہماری کمیٹی بنی ہے وہ لاپتہ افراد کمیشن کی رپورٹ کو دیکھ رہی ہے۔ لاپتہ افراد کا معاملہ صرف اسلام آباد تک نہیں بلکہ ملک کے دوسروں حصہ میں بھی ہے۔

عدالت نے استفسار کیا کہ ایک تفتیشی افسر کو تین سو روپے کیس کے ملیں تو باقی پیسے وہ کہاں سے لیتا ہو گا؟ یہ تو کرپشن کا بہت بڑا ذریعہ ہے، اس پورے شہر میں مفادات کے ٹکراو کے علاوہ کچھ نہیں ہو رہا، وزارت داخلہ کے لوگ خود مفادات کے ٹکراؤ کا باعث بن رہے ہیں، دوکانوں میں جو عدالتیں ہیں وزیر اعظم کو بتائیں عام لوگ کیسے متاثر ہو رہے ہیں، گر آئندہ کوئی واقعہ مسنگ پرسن کا ہو تو اس کا ذمہ دار کون ہو گا؟۔

عدالت نے کہا کہ ہم شہریوں کے بنیادی حقوق یقینی بنانے کی کوشش کر رہے ہیں، عوام کا اعتماد تب بحال ہو گا جب مجرم پکڑا بھی جائے اور اسکا ٹرائل بھی ہو، ایلیٹس کلچر اب ختم ہونا چاہیے، عام لوگوں کے بنیادی حقوق کے حوالے سے روزانہ پٹشنز آرہی ہیں، مشیر داخلہ وزیر اعظم کے قابل اعتماد ہیں عدالت کو بھی ان پر اعتماد ہے۔ عدالت نے مشیر داخلہ کو تین ہفتے میں رپورٹ جمع کرانے کا حکم دے دیا۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔