کراچی شیرشاہ میں گودام کی چھت گرگئی متعدد افراد دب گئے

عمارت پولی بیگز بنانے کی فیکٹری ہے، اور ملبے تلے کئی افراد کے دبے ہونے کہ اطلاع ہے، پولیس


ویب ڈیسک September 21, 2020
عمارت پولی بیگز بنانے کی فیکٹری ہے، اور ملبے تلے کئی افراد کے دبے ہونے کہ اطلاع ہے، پولیس ۔ فوٹو:فائل

شیر شاہ سیمنز چورنگی پر گودام کی چھت گرنے کے نتیجے میں متعدد افراد ملبے تلے دب گئے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق کراچی کے علاقے شیرشاہ میں گودام کی چھت گرنے کے نتیجے میں ملبے تلے دب کر 2 افراد شدید زخمی ہوگئے، جب کہ دیگر افراد کے بھی ملبے تلے دبے ہونے کی اطلاعات ہیں۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور ریسکیو اداروں کو طلب کر لیا گیا، پولیس حکام کا کہنا ہے کہ عمارت پولی بیگز بنانے کی فیکٹری ہے، اور ملبے تلے کئی افراد کے دبے ہونے کہ اطلاع ہے، پولیس کی بھاری نفری امدادی ٹیموں کے ہمراہ ریسکیو آپریشن میں حصہ لے رہی ہے۔

دوسری جانب سندھ رینجرز کے ترجمان نے بیان جاری کیا ہے کہ رینجرز کے جوان بھی جائے حادثہ پر پہنچ گئے ہیں اور ریسکیو اداروں کے ساتھ امدادی کاموں میں مصروف ہیں۔

واقعے کی خبر سن کر ایڈمنسٹریٹر کراچی افتخار علی شالوانی بھی متاثرہ فیکٹری پہنچ گئے اور ریسکیو یونٹ اور فائر بریگیڈ کو ملبہ دبے افراد کو جلد نکالنے کی ہدایت کی، ان کا کہنا تھا کہ فیکٹری کی چھت گرنے کے حادثے پر انتہائی افسوس ہے، ریسکیو کے کاموں میں تیزی لائی جائے تاکہ قیمتی جانوں کو بچایا جاسکے، زخمیوں کو فوری طبی امداد فراہم کی جائے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔