کراچی کے بعد اندرون سندھ بھی ٹارگٹڈ آپریشن کا حکم دیدیا قائم علی شاہ

کراچی آپریشن کے باعث جرائم پیشہ عناصرنے حیدرآباداوراندرون سندھ کے دیگرشہروں میں پناہ لے رکھی ہے،وزیراعلیٰ

کراچی:وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ صوبے میں امن وامان سے متعلق اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کررہے ہیں۔فوٹو:این این آئی

وزیراعلیٰ سندھ سیدقائم علی شاہ نے حیدرآبادمیں بگڑتی ہوئی امن امان کی صورتحال کا سخت نوٹیس لیتے ہوئے آئی جی سندھ کوہدایت کی ہے کہ وہ حیدرآبادمیں کراچی طرزپررینجرزکی مددسے بھتہ خوروں،اغوابرائے تاوان اورڈکیتیوں،اسٹریٹ کرائم اورمنشیات کے جرائم میں ملوث مجرموںکیخلاف فوری طور پرآپریشن شروع کروائیں۔

وزیراعلیٰ سندھ نے ڈی آئی جی اورایس ایس پیزحیدرآباد اورجامشورو کووارننگ دی ہے کہ وہ ایک مہینے کے اندرمجرموں کا صفایا کرکے حیدرآباداورکوٹری کو پرامن شہربنائیں،بصورت دیگران کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔وہ منگل کووزیراعلیٰ ہائوس کراچی میں حیدرآبادچیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹریز اور کوٹری ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈانڈسٹریزکے ایک مشترکہ12رکنی وفدکے ساتھ حیدرآبادمیں امن وامان کے متعلق ایک اجلاس کی صدارت کررہے تھے۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے آئی جی سندھ کو ہدایت کی کہ وہ حیدرآبادپولیس کو فوری طور پر رینجرز کی سپورٹ مہیا کرنے کے ساتھ مزید 10پولیس گاڑیاں ،سی سی ٹی وی کیمرے اورنفری فراہم کریں تاکہ وہ مجرموں تک رسائی اور کارروائی کے قابل ہوسکیں،کراچی میں امن امان قائم کرنے کیلیے ٹارگٹڈ آپریشن شروع کیا جس کے نتیجے میں مجرموں نے حیدرآباد اور سندھ کے دیگر شہروں میں پناہ لے رکھی ہے لیکن ہم ان کے خاتمے تک ان کا پیچھا نہیں چھوڑینگے۔




کراچی میں آپریشن میں اس وقت تک35سے 40فیصدجرائم میں کمی آئی ہے اور انشاء اﷲ ہم تھوڑی ہی وقت کے اندر سندھ کومجرموں سے پاک، پرامن صوبا بنادینگے۔وزیراعلیٰ سندھ نے تاجروں کویقین دلایاکہ حیدرآبادایئرپورٹ کودوبارہ کھولنے کیلیے وفاق سے رابطہ کیا جائے گا، سابق صدرآصف زرداری نے سپرہائی وے کونئے سرے سے موٹر وے کی طرزپرتعمیرکرنے کے منصوبہ کاحیدرآباد میں ہی افتتاح کیاتھا،جس پرعملدرآمدکیلیے وہ وفاق سے رابطہ کرینگے۔انھوں نے حیدرآبادکی صفائی ستھرائی اورحیدرآبادسائٹ کے توسیع شدہ منصوبے میں انھیں پلاٹس الاٹمنٹ کروانے اور ان کے پلاٹ پر سے تجاوزات ہٹانے کے مسئلے کے حل کی بھی یقین دہانی کروائی۔آئی جی سندھ پولیس شاہد ندیم بلوچ نے اجلاس کی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ کراچی میں کامیاب ٹارگٹڈآپریشن کے نتیجے میں کئی مجرموں نے حیدرآباد میں پناہ لی رکھی ہے،حیدرآبادپولیس کی کاروایوں سے جرائم میں کافی حد تک کمی آئی ہے۔
Load Next Story