سانحہ بلدیہ رحمان بھولا اور زبیر چریا کو 264 مرتبہ سزائے موت کا حکم

رہنما ایم کیو ایم رؤف صدیقی سمیت دیگر 4 ملزمان عدم شواہد کی بنا پر بری


ویب ڈیسک September 22, 2020
عدالت نے رہنما ایم کیو ایم رؤف صدیقی کو بری کردیا۔ فوٹو : فائل

انسداد دہشت گردی عدالت نے سانحہ بلدیہ فیکٹری کیس کے مجرموں رحمان بھولا اور زبیر چریا کو 264 ، 264 بار سزائے موت سنادی ہے۔

انسداد دہشت گردی عدالت میں سانحہ بلدیہ فیکٹری کیس کی سماعت ہوئی جس میں رحمان بولا، زبیر چریا اور رؤف صدیقی سمیت دیگر ملزم پیش ہوئے۔ عدالت نے کیس کا محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے رحمان بھولا اور زبیر چریا کو سزائے موت سنائی جب کہ رہنما ایم کیو ایم رؤف صدیقی سمیت 4ملزمان کو عدم شواہد کی بنا پر بری کردیا۔

اس خبر کو بھی پڑھیں : سانحہ بلدیہ کیس میں فیکٹری مالکان کے سنسنی خیز انکشافات

عدالت نے سانحہ بلدیہ فیکٹری کیس میں دیگر 4 ملزمان علی محمد، ارشد محمود، فضل اور شاہ رُخ کو سہولت کاری کے الزام میں عمر قید کی سزا سنائی جب کہ بری ہونے والوں میں ادیب خانم، علی حسن قادری اور عبد الستار شامل ہیں۔

انسداد دہشت گردی کی عدالت نے 3 سال 7 ماہ بعد کارروائی مکمل ہونے پر 2 ستمبر کو کیس کا فیصلہ محفوظ کیا تھا جو 17 ستمبر کو سنایا جانا تھا تاہم عدالت نے فیصلہ سنائے بغیر سماعت 22 ستمبر تک موخر کردی تھی۔

اس خبر کو بھی پڑھیں : سانحہ بلدیہ فیکٹری، ایک دکھی ماں کی داستان

پس منظر؛

سانحہ بلدیہ فیکٹری کیس میں عدالت نے رواں ماہ 2 ستمبر کو فریقین کے دلائل مکمل ہونے پر فیصلہ محفوظ کیا تھا، مارچ 2015 میں جے آئی ٹی تشکیل دی گئی اور 5مارچ 2016 کو پروگریس رپورٹ پیش کی گئی جب کہ فروری 2017 میں ایم کیو ایم رہنما رؤف صدیقی، رحمان بھولا، زبیر چریا اور دیگر پر فرد جرم عائد کی گئی تھی، کیس میں ملزمان کے خلاف 400 عینی شاہدین کے بیانات ریکارڈ کیے گئے۔

واضح رہے کہ 11ستمبر 2012 کو بلدیہ فیکٹری آتشزدگی کیس میں 260 افراد جل کر جاں بحق ہوگئے تھے جب کہ فیکٹری مالکان نے آتشزدگی کا ذمہ دار ایم کیو ایم کو قرار دیا تھا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں