پرانے حریفوں میں نئی جنگ کا طبل بج گیا

ینگسٹرز پر اعتماد کا سلسلہ برقرار رکھیں گے، ٹاپ آرڈر کو ذمہ داری سے کھیلنا ہوگا،مصباح


Sports Desk December 18, 2013
شارجہ:پاکستانی کرکٹر سعید اجمل بیٹنگ پریکٹس کیلیے سامان اٹھائے میدان میں داخل ہو رہے ہیں،سری لنکا سے پہلا ون ڈے آج ہوگا۔

پاکستان اور سری لنکا کے درمیان ون ڈے سیریز کا آغاز بدھ سے شارجہ میں ہورہا ہے، پرانے حریفوں میں نئی جنگ کا طبل بج گیا، گرین شرٹس حریف پر برتری برقرار رکھنے کیلیے پُرعزم ہے۔

ٹی ٹوئنٹی میں ففٹی بنانے والے شرجیل خان سے توقعات بڑھ گئیں،وہ احمد شہزاد کے ساتھ اوپننگ کریں گے، محمد حفیظ کی الیون میں واپسی یقینی ہے،کپتان مصباح الحق کو نئے ہتھیاروں سے زیادہ امیدیں وابستہ ہیں، انھوں نے کہاکہ نوجوان کھلاڑیوں پر اعتماد کا سلسلہ برقرار رکھیں گے، ٹاپ آرڈر کو ذمہ داری سے کھیلنا ہوگا،اچھے آغاز کو بڑے اسکور میں بدلنا زیاہ اہم ہوتا ہے، ادھر دوسرے ٹوئنٹی 20 میں فتح سے آئی لینڈرزکے حوصلے بلند ہوگئے، میدان میں اترنے کیلیے سیکوگے پرسنا اور اجنتھا مینڈس کے درمیان مقابلہ ہے،اوس کا کردار اہم ہوگا، بعد میں بولنگ کرنے والی ٹیم کو مشکل کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان اور سری لنکا کے درمیان برابر رہنے والی ٹوئنٹی 20 سیریز سے واضح ہو گیا کہ حریف سائیڈز یکساں معیار کی حامل ہیں، دونوں ہی ناقابل پیشگوئی اور کسی بھی مرحلے پر مضبوط کم بیک کرنے کی صلاحیت رکھتی ہیں، یو اے ای کی کنڈیشنز بھی ٹیموں کے لیے ہی ایک جیسی اور دلچسپ بات یہ ہے کہ دونوں کی طاقت بھی اسپن بولنگ ہی ہے۔

پاکستان کو گذشتہ کچھ ماہ سے مسلسل کرکٹ کھیلنے کاایڈوانٹیج حاصل جبکہ سری لنکا کو زیادہ میچز میں حصہ لینے کا موقع میسر نہیں آیا،اس کے باوجود جمعے کو کھیلے جانے والے دوسرے ٹوئنٹی 20 میں فرنٹ لائن بولرز لسیتھ مالنگا اور سچترا سینانائیکے نے اچھی بولنگ کی تھی، پاکستان کی جانب سے ان 2میچز میں شاہد آفریدی نے بیٹنگ کی اپنی پرانی جھلک دکھائی تھی۔ ون ڈے میں اصل مقابلہ ٹاپ آرڈر کا ہوگا، پاکستانی بیٹسمینوں کو لسیتھ مالنگا اور نوان کولاسیکرا کے نئی گیند سے حملے کو پسپا کرنا ہوگا۔ ناصر جمشید کے ڈراپ ہونے کی وجہ سے احمد شہزاد کے ساتھ ون ڈے میں بھی 24 سالہ شرجیل خان ہی اوپننگ کریں گے، جمعے کے میچ میں انھوں نے 25 بالز پر 50 رنز بنائے جس کے سبب ان سے وابستہ توقعات میں اضافہ ہوچکا ہے۔ جنوبی افریقہ کے خلاف تین میچز کی سیریز کے آخری مقابلے میں حفیظ کو آرام دے کر اسد شفیق کو میدان میں اتارا گیا مگر وہ اس موقع کو کارآمد نہیں بنا پائے تھے، نائب کپتان کی اب الیون میں واپسی جبکہ اسد شفیق کو باہر بیٹھ کر اگلی باری کا انتظار کرنا ہوگا۔

2 اسپنرز کے ساتھ میدان میں اترنے کی صورت میں بلاول بھٹی اور سہیل تنویر میں ٹائی پڑسکتی ہے، البتہ گذشتہ مقابلے میں عمدہ بیٹنگ کے بعد سہیل کو نظر انداز کرنا کافی مشکل ہوگا۔ کپتان مصباح الحق نے کہاکہ ہم نے گذشتہ کچھ عرصے سے نوجوان پلیئرز کو آزمانے کا سلسلہ شروع کررکھا ہے جسے جاری رکھیں گے، انھوں نے کہا کہ جنوبی افریقہ سے سیریز میں نوجوان پلیئرز نے عمدہ پرفارم کیا، ہمیں ان سے کافی توقعات وابستہ ہیں، سری لنکا سے سیریز میں ٹاپ آرڈر سے بڑی شراکتیں درکار ہوں گی۔ دوسری جانب تلکارتنے دلشان اور کوشل پریرا کی جانب سے سری لنکن اننگز کے آغازکا امکان ہے، البتہ ٹور سلیکشن کمیٹی کیلیے اصل آزمائش سیکوگے پرسنا اور اجنتھا مینڈس میں سے ایک کا انتخاب ہو گا، سیکوگے لیگ اسپن آل رائونڈر ہیں، وہ بیٹ کے ساتھ بہتر مگر بال کے ساتھ کافی مہنگے ثابت ہوئے، اسکواڈ میں 2 نوجوان بیٹسمین ون ڈے ڈیبیو کے منتظر ہیں مگر انھیں پہلے میچ میں چانس ملنے کا امکان نہیں ہے۔یہ میچز چونکہ ڈے اینڈنائٹ کھیلے جائیں گے اس لیے اوس کا کردار کافی اہم ہے، خاص طور پر بعد میں بولرز کو کافی پریشانی ہوگی جیسا کہ دونوں ٹوئنٹی 20 میچز میں ہوا، گیند گیلی ہونے سے بولرز کو گرپ میں مشکل پیش آتی اور درست ایریاز میں بولنگ نہیں کرپاتے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں