ون ڈے رینکنگ سیریز میں جان لڑانے کا پاکستان کو صلہ نہیں ملے گا

کلین سوئپ پر چھٹی پوزیشن ہی برقراررہے گی،سری لنکا کے پاس تیسرے نمبرکا چانس

کلین سوئپ پر چھٹی پوزیشن ہی برقراررہے گی،سری لنکا کے پاس تیسرے نمبرکا چانس۔ فوٹو: فائل ۔

سری لنکا سے ون ڈے سیریز میں جان لڑانے کا بھی رینکنگ چارٹ پر پاکستان کو صلہ نہیں ملے گا، کلین سوئپ کی صورت میں بھی موجوہ چھٹی پوزیشن ہی برقرار رہے گی۔


آئی لینڈرز کے پاس تیسری پوزیشن پر قبضہ جمانے کا موقع موجود ہے، سعید اجمل نمبر ون بولر کے اعزاز کو مزید مستحکم کرسکتے ہیں، دیگر پلیئرز بھی بہتر کارکردگی پر ترقی پائیں گے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان اور سری لنکا کے درمیان پانچ ون ڈے میچز کی سیریز کا آغاز بدھ سے شارجہ میں ہورہا ہے، اس سیریز کے کسی بھی قسم کے نتیجہ کا پاکستان کی موجودہ چھٹی رینکنگ پوزیشن پر کوئی فرق نہیں پڑے گا، اگر گرین شرٹس سیریز میں 5-0 سے کلین سوئپ کرلیں تب پوائنٹس 100 سے بڑھ کر 105 ہوجائیں گے اسی طرح چوتھے نمبر پر موجود سری لنکا کی ٹیم 5 پوائنٹس کے خسارے سے 105 پر پہنچ جائے گی،مگر اعشاریائی پوائنٹس کی وجہ سے وہ پاکستان سے آگے یعنی پانچویں نمبر پر ہی رہے گی۔ اگر سری لنکا یہ سیریز 4-1 یا پھر اس سے بہتر یعنی 5-0 سے جیتا تو پھر وہ ایک درجہ ترقی سے انگلینڈ سے تیسری پوزیشن چھین لے گا۔

دونوں ممالک کے درمیان سیریز میں کھلاڑی بھی اپنی رینکنگ پوزیشن کو بہتر بناسکتے ہیں، اس وقت بیٹسمینوں میں کمار سنگاکارا سب سے ہائی رینک 5 ویں نمبر پر موجود ہیں، ٹاپ 10 میں موجود دیگر 2 پلیئرز تلکارتنے دلشان (7) اور مصباح الحق ( 9) ہیں، باقی تمام کھلاڑی ٹاپ 20سے بھی باہر ہیں، ان میں عمر اکمل (27)، محمد حفیظ (34)، احمد شہزاد (44) اور شاہد آفریدی (54) شامل ہیں۔ اس ٹیبل پر ٹاپ پوزیشن جنوبی افریقہ کے اے بی ڈی ویلیئرز، دوسری بھارت کے ویرت کوہلی اور تیسری پروٹیز اسٹار ہاشم آملا کے پاس ہے۔ بولرز میں ٹاپ پر سعید اجمل موجود ہیں، رنگانا ہیراتھ(6) کی عدم موجودگی کی وجہ سے موجودہ سیریز کا اور کوئی بولر ٹاپ 10 میں شامل نہیں ہے، ٹاپ 20 میں حفیظ (12)، نوان کولاسیکرا (16) اور جنید خان (19) شامل ہیں۔
Load Next Story