پی سی بی نے بلوچستان کے ہیڈ کوچ کی حیثیت سے فیصل اقبال کا نام واپس لے لیا

فیصل اقبال کا معاملے کو نمٹائے بغیر ڈومیسٹک کرکٹ میں شرکت کرنا غیر منصفانہ ہوگا، پی سی بی


Abbas Raza September 24, 2020
فیصل اقبال کا معاملے کو نمٹائے بغیر ڈومیسٹک کرکٹ میں شرکت کرنا غیر منصفانہ ہوگا، پی سی بی۔ فوٹو : فائل

پاکستان کرکٹ بورڈ نے بلوچستان کے ہیڈ کوچ کی حیثیت سے فیصل اقبال کا نام واپس لے لیا ہے۔

کرکٹ بورڈ نے نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ کے لیے بلوچستان کے ہیڈ کوچ کی حیثیت سے فیصل اقبال کا نام واپس لے لیا ہے، سابق ٹیسٹ کرکٹر نے تصدیق کی تھی کہ ان میں اور ان کے ادارے پی آئی اے کے درمیان ایک معاملہ حل طلب ہے جسے جلد حل کرلیا جائے گا۔

پی سی بی کا کہنا ہے کہ فیصل اقبال کا اپنے ادارے کے ساتھ اس حل طلب معاملے کو نمٹائے بغیر ڈومیسٹک کرکٹ کے ایک اہم ٹورنامنٹ میں شرکت کرنا خود ان کے اور ان کی ٹیم کے ساتھ غیر منصفانہ ہوگا۔

پی سی بی کا مزید کہنا ہے کہ جب پی آئی اے، فیصل اقبال کو حل طلب معاملے پر کلین چٹ دینے کے ساتھ ساتھ این او سی فراہم کردے گا تو پھر سابق ٹیسٹ کرکٹر کو دوبارہ اپنی ڈومیسٹک ٹیم کو جوائن کرنے کی اجازت دے دی جائے گی تاہم اس وقت تک وسیم حیدر بلوچستان کرکٹ ٹیم کے عبوری ہیڈ کوچ کی حیثیت سے ذمہ داریاں نبھائیں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔