بھارت پر واضح کردیا ہے کہ مسائل کے حل کے بغیر خطے میں امن ممکن نہیں شہبازشریف

67سال گزرنے کے باوجود پاکستان اور بھارت کے مسائل جوں کے توں ہیں، شہباز شریف

بنیادی مسائل سے منہ موڑنا پاکستان اوربھارت دونوں کے لئے خطرناک ثابت ہوسکتاہے، شہباز شریف۔ فوٹو: ایکسپریس نیوز

ISLAMABAD:
وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے کہا ہے کہ حکومت نے بھارت پر واضح کردیا ہے کہ مسئلہ کشمیر، سیاچن اور آبی معاملات سمیت دیگر مسائل کا حل نکالے بغیر خطے میں امن ممکن نہیں۔


لاہور میں ایک تقریب سے خطاب کے دوران وزیر اعلٰی پنجاب کا کہنا تھا کہ ہمارے معاشرے میں کمزور کی کوئی نہیں سنتا یہاں اب بھی جس کی لاٹھی اسی کی بھینس کے مقولے پر عمل ہوتا ہے، آج ہم منافرت، دہشت گردی اور بندوق کے زور پر ایک دوسرے پر اپنے نظریات مسلط کر رہے ہیں اور بے گناہ مسلمانوں کا گلا کاٹ رہے ہیں، ہم نے سب کچھ بنا لیا ہے لیکن خود کو ایک قوم نہیں بنا سکے، اب ہمیں مذہبی منافرت کو بھلا کر امن اور بھائی چارے کی فضا قائم کرنا ہوگی اس لئے سیاسی و عسکری اشرافیہ اور سول سوسائٹی کو ایک ہونا ہوگا۔

وزیراعلی پنجاب نے کہا کہ بھارت میں دنیا بھر کے سرمایہ کار اپنا پیسہ لگارہے ہیں،بھارت اور چین نے دشمنیاں بھلا کر تجارت کو فروغ دیا ہے لیکن لیکن بدقسمتی سے پاکستان میں جاری دہشت گردی کی وجہ سے ایسا نہیں ہوپارہا، چین ہمارا دوست ہے وہ یہاں بھی سرمایہ کاری کرنا چاہتا ہے لیکن اس کے لئے حالات بہتر ہونا ضروری ہے، انہوں نے کہا کہ دورہ بھارت کے دوران ان کی وزیراعظم من موہن سنگھ سے ملاقات ہوئی جس میں انہوں نے کئی گلے شکوے کئے لیکن اس کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اب ہمیں مل جل کررہنا ہے اور اس کے لئے دونوں ممالک کے رہنماؤں کو آگے آنا پڑے گا کیونکہ اسی طرح ہی ہم اپنے عوام کی غربت اور بیروزگاری کا خاتمہ کرسکتے ہیں۔
Load Next Story