پاکستان ملک نہیں ایک نظریہ ہے اور یہ بات پاک فوج اچھی طرح جانتی ہے وزیراعظم

پاک افواج کی قیادت تبدیل ہوتے ہوئے حالات کا اور مشترکہ کمان کے تحت ایک مربوط حکمت عملی اختیار کئے ہوئے ہے، نواز شریف


ویب ڈیسک December 18, 2013
پاک فوج کے جوان طیارہ سازی، ریڈار اور ڈرون جیسی ٹیکنالوجی میں کسی سے کم نہیں ہیں، یہ ذہانت اور صلاحیتوں سے مالا مال ہیں ، نواز شریف فوٹو :فائل

وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان محض ایک ملک نہیں ایک نظریہ بھی ہے اور یہ بات پاک فوج کے جوان اچھی طرح جانتے ہیں۔

کامرہ ایئربیس میں جے ایف 17 تھنڈر کا 50 واں طیارہ پاک فوج کے حوالے کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ میں جب پاکستان کی فضاؤں میں ان شاہینوں کو پرواز کرتے دیکھتا ہوں تو ان کی یہ مہارت مجھے اطمینان دلاتی ہے کہ جب تک وطن کی فضاؤں ہمارے یہ شاہین موجود ہیں تو اس وقت تک ہماری فضائیں محفوظ ہیں۔ پاکستان ایئرفورس کے یہ کمالات صرف فضاؤں تک محدود نہیں ہیں بلکہ ہمارے جوانوں نے ثابت کیا ہے طیارہ سازی کا میدان ہو یا ریڈار اور ڈرون جیسی ٹیکنالوجی یہ کسی سے کم نہیں ہیں، یہ ذہانت اور صلاحیتوں سے مالا مال ہیں اور یہ بات دنیا بھی اچھی طرح جانتی ہے۔

وزیراعظم نے کہاکہ اسی مہارت اور جذبے پر اعتماد کرتے ہوئے ہم نے اپنے گزشتہ دور حکومت میں جے ایف 17 جیسے منصوبے کی منظوری دی تھی، آج اس منصوبے کی تکمیل تک پہنچنے پر مجھے بے حد خوشی ہورہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ جے ایف 17 جہازوں کی صورت میں ہمارا دفاع نا صرف مضبوط ہوا ہے بلکہ اس کی وجہ سے پاکستان کی ہوا بازی کی صنعت کو بھی ترقی ملی ہے۔ پچھلے دور حکومت میں جب ہم نے اس منصوبے کا آغاز کرنا چاہا تو بہت سی مجبوریاں آڑے آئیں لیکن اس کے باوجود دفاع کے لئے ہم نے اس کی منظوری دی، کل کی طرح آج بھی پاکستان کا دفاع ہمیں ہر بات سے زیادہ عزیز ہے۔ ہماری افواج ہر ناگہانی صورتحال سے نمٹنے کے لئے ہمہ وقت تیار ہے۔

نواز شریف کا کہنا تھاکہ دور حاضر میں جنگ کی حکمت عملی میں انقلاب آچکا ہے۔ گزشتہ کئی سالوں میں ایئرفورس کی اہمیت میں غیرمعمولی اضافہ ہوا ہے اور اس میدان میں نئی ایجادات اور تحقیق نے صورتحال کو بدل کر رکھ دیا ہے، اب ہزاروں میل دور بیٹھ کر کسی بڑی فوج کے بغیر میدان جنگ میں اترا جاسکتا ہے اور یہ محض ایئر فورس کی موجود گی کی وجہ سے ہے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان اس سے بے خبر نہیں ہے ہمیں معلوم ہے کہ فرسودہ فلسفے اور قدیم حکمت عملی کے ساتھ کوئی معرکہ سر نہیں کیا جاسکتا اور اسی بات کا ادراک کرتےہوئے پاکستان افواج کی حکمت عملی ترتیب دی جارہی ہے، مجھے خوشی ہے کہ پاک افواج کی قیادت ان تبدیل ہوتے ہوئے حالات کا پورا ادراک رکھتی ہے اور ایک مشترکہ کمان کے تحت مربوط حکمت عملی اختیار کئے ہوئے ہے،نواز شریف نے کہاکہ ہمارے آباؤ اجداد نے ایک جدید اسلامی فلاحی ریاست کا خواب دیکھا تھا۔ جدید مہارت اور ٹیکنالوجی کے ساتھ اپنے ملک سے نظریاتی وابستگی پاکستان کی افواج کو ایک ایسی قوت بنادیتی ہے جو اللہ تعالی کی تایئد کے ساتھ اپنے ملک کی حفاظت کے لئے میدان میں اترتی ہیں اور پھر موت بھی ان کےلئے ایک دائمی زندگی بن جاتی ہے۔

وزیر اعظم کا کہنا تھاکہ جے ایف 17 جہازوں کی اندرون ملک تیاری کے ساتھ ساتھ چین اور پاکستان کے درمیان خوشگوار دوستانہ تعلقات میں شاندار باب کا اضافہ بھی کرتی ہے، پاکستان اور چین کے درمیان دوستی کے ساتھ ہم نے مختصر عرصے میں بہت سے سنگ میل عبور کئے ہیں، ان میں گوادر بندرگاہ، چشمہ پاور پلانٹ، قراقرم ہائی وے، پاکستان ایئرونوٹیکل کمپلیکس اور کراچی سول نیوکلیئرپاور پلانٹ بھی شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ میرے حالیہ دورہ چین کے دوران دونوں ممالک کے اہم نوعیت کے کئی منصوبوں پر اتفاق پایا گیا جس میں سب سے اہم خنجراب سے گوادر تک اقتصادی کوری ڈور شامل ہے جس سے خطے کی ترقی پر دور رس اثرات مرتب ہوں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔