پاکستان نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد سری لنکا کو 11 رنز سے شکست دیدی

323 رنز کے تعاقب میں سری لنکا کی پوری ٹیم 49.4 اوورز میں 311 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی

محمد حفیظ نے شاندار 122 رنز جبکہ شرجیل خان نے 61 اور صہیب مقصود نے 73 رنز بنائے۔ فوٹو: اے ایف پی

پہلے ون ڈے میں پاکستان نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد سری لنکا کو 11 رنز سے ہرا کر 5 میچوں کی سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کرلی

شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 322 رنز بنائے، محمد حفیظ نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 122 رنز بنائے جبکہ اوپنر شرجیل خان نے 61 اور صہیب مقصود نے بھی 74 رنز کی بہترین اننگز کھیل کر ٹیم کے مجموعی اسکور میں اہم کردار ادا کیا، دیگر کھلاڑیوں میں احمد شہزاد 11 اور شاہد آفریدی 34 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ عمر اکمل 9 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ سری لنکا کی جانب سے آج کوئی بھی بولر زیادہ اچھی کارکردگی نہ دکھا سکا تاہم سرانگا لکمل نے 2 جبکہ تھسارا پریرا اور سیکوگے پراسنا نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔


سری لنکا نے 323 رنز کا بڑا ہدف حاصل کرنے کے لئے بیٹنگ شروع کی تو اس کے اوپنرز نے اچھا آغاز فراہم کیا تاہم پھر دلشان کے 66 کے مجموعی اسکور پر آؤٹ ہونے کے بعد اس کی وقفے وقفے سے وکٹیں گرتی رہیں اور ایک موقع پر ایسا محسوس ہونے لگا کہ پوری ٹیم 250 کے اندر اندر پویلین لوٹ جائے گی تاہم پھر سینا نائکے اور سیکوگے پراسنا نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے ٹیم کو فتح کے قریب پہنچادیا لیکن پھر 308 کے مجموعی اسکور پر سینا نائکے 42 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے اور میچ میں پاکستان کی فتح نظر آنے لگی اور پوری ٹیم 49 اعشاریہ 4 اوورز میں 311 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی، سری لنکا کی جانب سے کوسل پریرا 64، دنیش چندیمل 46 اور سینا نائکے کے علاوہ سیکوگے پراسنا 42 رنز بنا کر نمایاں رہے جبکہ دلشان نے 30، کمار سنگاکارا نے 23، لاہیرو تھریمانے 10، کپتان انجیلو میتھیوز 31 اور تھسارا پریرا 6 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ پاکستان کی جانب سے جنید خان نے سب سے زیادہ 3، شاہد آفریدی نے 2 جبکہ محمد حفیظ، بلاول بھٹی اور سہیل تنویر نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

بہترین کارکردگی پر محمد حفیظ کو مین آف دی میچ کے اعزاز سے نوازا گیا۔
Load Next Story