ملک میں جلد ’’میڈ ان پاکستان اسمارٹ فون‘‘ کی مینوفیکچرنگ شروع ہوجائے گی امین الحق

وفاقی کابینہ نے پی سی ون کی منظوری دے دی اور مطلوبہ بجٹ بھی منظور ہوگیا، وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی


Staff Reporter September 28, 2020
وفاقی کابینہ نے پی سی ون کی منظوری دے دی اور مطلوبہ بجٹ بھی منظور ہوگیا، وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی (فوٹو: فائل)

وفاقی وزیر مواصلات و انفارمیشن ٹیکنالوجی سید امین الحق نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم گلگت بلتستان کے انتخابات میں بھرپور طریقے سے حصہ لے گی، حکومت نے کراچی پیکیج کے تحت عوام سے جو وعدہ کیا ہے اسے بہرصورت ایک دو اور تین سال میں بلا تاخیر اور شفاف طریقے سے مکمل کیا جائے گا۔

یہ بات انہوں نے پیر کو آن لائن اسٹور دراز کے کراچی میں نئے دفتر کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم پاکستان اس بار گلگت بلتستان کے انتخابات میں بھرپور انداز میں حصہ لے گی، ہمارے نامزد کردہ رکن نے کاغذات نامزدگی کے لیے کام شروع کردیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ گرین لائن منصوبے میں رکاوٹیں ڈالی گئیں لیکن اب ہم گرین اورنج اور ریڈلائن کے علاوہ کے فور منصوبوں کوئی رکاوٹ برداشت نہیں کریں گے۔ انہوں نے بتایا کہ ڈیجیٹل پاکستان وزیراعظم عمران خان کا وژن ہے، حکومت نے دیہی علاقوں میں براڈ بینڈ رسائی کے لیے اقدامات بروئے کار لائے ہیں اور وہاں نئے ٹاورز کی تنصیب کی ہے، اسی طرح سانگھڑ اور تھرپارکر کی 14 لاکھ آبادی کو تھری جی اور فور جی سے منسلک کیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ مقامی سطح پر اسمارٹ موبائل فون کی پیداواری سرگرمیاں شروع کرنے کے لیے مرتب کردہ پی سی ون کی وفاقی کابینہ نے منظوری دیدی ہے اور مطلوبہ بجٹ بھی منظور ہوگیا ہے ملک میں جلد ہی ''میڈ ان پاکستان اسمارٹ موبائل فون'' کی مینوفیکچرنگ اور اسمبلنگ شروع کردی جائے گی۔

آن لائن کمپنی دراز کے ایم ڈی احسان سایا نے کہا کہ ای کامرس انڈسٹری ملک میں تیزی سے فروغ پارہی ہے جس سے روزگار کے مواقع بھی پیدا ہورہے ہیں، دراز اور وزارت مواصلات و آئی ٹی کے درمیان شراکت داری پاکستانی صارفین کو مزید سہولیات میسر ہوسکیں گی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں