ڈرون حملوں کیخلاف آج اقوام متحدہ میں قرارداد منظور ہوگی سرتاج عزیز
مشیر برائے امور خارجہ ونیشنل سیکیورٹی سرتاج عزیز کا کہنا ہے کہ ڈرون حملوں کے خلاف آج اقوام متحدہ میں قرارداد منظور ہوگی جس سے پاکستان کے مؤقف کو تقویت ملے گی۔
سرتاج عزیز نے سینیٹ کے اجلاس میں خارجہ امور اور سلامتی پر جاری بحث کو سمیٹتے ہوئے کہا کہ بنگلا دیش میں عبدالقادر ملا کی پھانسی پر پارلیمنٹ کی قرارداد اپنی جگہ لیکن دفتر خارجہ کا اس پر مؤقف متوازن تھا اور ہم بنگلا دیش کے ساتھ بہتر تعلقات چاہتے ہیں۔ سرتاج عزیز نے افغانستان کے حوالے سے کہا کہ افغانستان کے ساتھ تعلقات میں بہتری آئی ہے، افغانستان میں پاکستان مخالف بے بنیاد پراپیگنڈا ختم ہو چکا ہے، یہ تاثر دینا غلط ہے کہ افغانستان میں کوئی پاکستان کا پسندیدہ گروپ ہے، ہمسایہ ملک میں مفاہمت کے لئے کردار ادا کررہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا بھارت میں انتخابات کے پیش نظر پاکستان مخالف جذبات ابھارے گئے، نئی دہلی حکومت کے ساتھ سیاچن، سرکریک اور کشمیر پر بات چیت ہو رہی ہے۔
امریکا کے ساتھ تعلقات کے حوالے سے سرتاج عزیز کا کہنا تھا کہ 2014 کے آغاز پر پاک امریکا جامع مذاکرات دوبارہ شروع ہوجائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اب تک 4 ورکنگ گروپوں کے اجلاس ہوچکے ہیں اور امریکی صدر بارک اوباما نے پاکستان میں جمہوری حکومت کی حمایت کا وعدہ کیا ہے۔