عوام نے ہردلعزیز میئر کو بعد ازموت بھی ووٹ دے کرجتوادیا

ایون الیمان رومانیہ کے میئر تھے جنہیں بعد از موت دیہاتیوں نے ووٹ دے کر دوبارہ منتخب کیا ہے


ویب ڈیسک September 30, 2020
رومانیہ کے ایک گاؤں میں لوگوں کی اکثریت نے فوت شدہ میئر کو ووٹ دے کر تیسری مرتبہ منتخب کیا ہے۔ فوٹو: اے پی

دیہاتیوں نے اپنے پسندیدہ میئر کو اس کی موت کے دس روز بعد ہونے والے بلدیاتی انتخابات میں تیسری مرتبہ منتخب کرلیا ہے۔

یہ واقعہ جنوبی رومانیہ میں کے گاؤں دیویسیلو میں پیش آیا ہے جب لوگوں نے ایون الیمان نامی میئر کو تیسری مرتبہ منتخب کیا اور اس کی فتح کے بعد اس کی قبر پر چراغاں کیا گیا ہے۔ بھاری اکثریت کے ساتھ منتخب ہونے والے سابقہ میئر اب اس دنیا میں نہیں کیونکہ بلدیاتی انتخابات سے قبل ہی وہ کورونا سے انتقال کرگئے تھے۔

میئر کی موت کی خبر پورے گاؤں میں تیزی سے پھیلی جہاں صرف 3000 گھرموجود ہیں۔ عین الیکشن والے دن الیمان کی 57ویں سالگرہ بھی تھی۔ اس روز لوگوں کی بڑی تعداد پولنگ اسٹیشن پہنچی اور کسی طرح اسے ووٹ دے ہی دیا۔ یہاں تک کہ وہ 1600 رجسٹرڈ ووٹ سے 1057 ووٹ لے کر کامیاب ٹھہرے۔



اس کامیابی کے بعد لوگ الیمان کی قبر پر گئے اور شمعیں روشن کرکے اس کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ بعض نے قبر پر پکارا کہ 'ہمیں تم پر فخر ہے اور یہ تمہاری فتح ہے۔'

سوشل ڈیموکریٹ پارٹی سے تعلق رکھنے والے ایون الیمان نے علاقے کی ترقی کے لیے بہت اہم کردار ادا کیا تھا اور تمام دیہاتی اس سے محبت اور اس پر اعتبار کرتے تھے۔

انتخابات کے روز بیلٹ پیپر پر الیمان کا نام درج تھا اور اس دوران نئے پیپر نہیں چھپ سکے تھے۔ اسی وجہ سے لوگوں نے تیسری بار فوت شدہ میئر کا انتخاب کیا۔ تاہم اب اس گاؤں میں دوبارہ بلدیاتی انتخابات منعقد ہوں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں