’آخری نبیﷺ‘ کے الفاظ حذف کرنے کی تحقیقات کی ہدایت

ذمے دار کیخلاف کارروائی ہوگی، کتابیں اٹھواکر دوبارہ شائع کرائی جائینگی، سعید غنی


Staff Reporter September 30, 2020
نویں کی انگریزی کتاب کے نئے ایڈیشن میں ’آخری نبی ﷺ‘ کے الفاظ شامل نہیں فوٹو: فائل

وزیر تعلیم و محنت سندھ سعید غنی نے کتاب میں خاتم النبیین حضرت محمد مصطفی ﷺ کے ساتھ آخری نبیﷺ نہ لکھے جانے کے معاملے پر مکمل تحقیقات کرانے کی ہدایات جاری کردی ہیں۔

سعید غنی نے سندھ ٹیکسٹ بک بورڈ کے تحت نویں جماعت انگریزی کی کتاب میں خاتم النبیین حضرت محمد مصطفی ﷺ کے ساتھ آخری نبیﷺ نہ لکھے جانے کے حوالے سے ہونے والی غلطی پر اپنے جاری وڈیو بیان میں کہا ہے کہ سندھ ٹیکسٹ بک بورڈ کی نویں جماعت کی انگریزی کی کتاب میں ہمارے نبی ﷺخاتم النبین کے حوالے سے ایک غلطی ہوگئی ہے، چند الفاظ جو پچھلے برس کی کتاب میں موجود تھے اس سال وہ اس میں سے حذف ہوگئے ہیں، اس حوالے سے فوری طور پر میٹنگ بھی کی ہیں، اس معاملے پر مکمل تحقیقات کرانے کی ہدایات جاری کردی ہیں کہ یہ غلطی ہوئی یا کسی نے جان بوجھ کر کیا ہے۔

انہوں نے ہدایت جاری کی ہیں کہ صوبہ سندھ میں اس وقت یہ کتابیں جہاں جہاں موجود ہیں وہاں سے تمام کتابیں اٹھالی جائیں اور تصحیح کرکے دوبارہ شائع کرائی جائیں، سندھ حکومت اس پر بالکل غافل نہیں ہے جو ذمے دار ہوگا اس کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ جو کتابیں تقسیم ہوئی ہیں انھیں واپس کرا لیں گے جیسے ہی انکوائری کی تفصیلات سامنے آئیں گی شئیر کی جائیں گی، غلطی ہوئی یا کسی نے جان بوجھ کر یہ کیا ہے تو اس کی نشاندہی بھی کریں گے اور اس کے خلاف کارروائی بھی کریں گے۔

سعید غنی نے کہا کہ چئیرمین بلاول بھٹو زرداری، وزیر اعلی سندھ مراد علی شاہ یا محکمہ تعلیم کبھی یہ تصور بھی نہیں کرسکتے کہ اس قسم کی کوئی غلطی یا کوتاہی ہوجائے، اس کے لیے ہمیں وقت دیا جائے تاکہ ہم تحقیقات کرا کر ذمے داوں کا تعین کر سکیں اور کتابیں مارکیٹ سے اٹھوا کر درست کر سکیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں