بھارت کے ایک اور نوجوان اداکار نے خودکشی کرلی

ادکار اکشت اتکرش نے خودکشی نہیں کی بلکہ اس کو قتل کیا گیا، اہل خانہ کا الزام

ادکار اکشت اتکرش نے خودکشی نہیں کی بلکہ اس کو قتل کیا گیا، اہل خانہ کا الزام - فوٹو: انٹرنیٹ

بھارت کے 26 سالہ اداکار اکشت اتکرش نے ممبئی میں اپنی رہائش گاہ پر خودکشی کی۔

بھارت میں کورونا وائرس کے کیسز میں اضافے کے ساتھ ساتھ لاک ڈاؤن کے دوران خودکشی کے واقعات میں بھی اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے، گزشتہ 4 ماہ کے دوران 5 بھارتی اداکار خودکشی کرچکے ہیں جس میں بھارت کے ابھرتے ہوئے ستارے سوشانت سنگھ راجپوت بھی شامل ہیں جس کے کیس کی تحقیقات کے دوران ہر روز نئے انکشافات سامنے آرہے ہیں۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارتی اداکار اکشت اتکرش نے بھی خودکشی کرلی ہے، وہ ممبئی میں اپنی رہائش گاہ پر مردہ حالت میں پائے گئے تھے تاہم ٹی وی اداکار کے اہل خانہ نے دعویٰ کیا ہے کہ اکشت نے خودکشی نہیں کی بلکہ اس کو قتل کیا گیا ہے۔

اس خبر کو بھی پڑھیں؛ کنگنا نے سشانت سنگھ کی موت کا ذمہ دار بھارتی میڈیا کو قرار دے دیا


ممبئی مرر کی رپورٹ کے مطابق 26 سالہ اداکار ممبئی کے علاقے اندھیری میں گزشتہ 6 ماہ سے اپنی گرل فرینڈ کے ساتھ رہتے تھے اور ان کی گرل فرینڈ نے پولیس کو بیان دیتے ہوئے کہا کہ اکشت کو مالی مسائل کا سامنا تھا اور وہ لاک ڈاؤن میں کام نہ ہونے کی وجہ سے سخت پریشان تھے تاہم اہل خانہ کا کہنا ہے کہ اکشت کو جب بھی پیسوں کی ضرورت رہی، ان کے والد نے پیسے بھجوائے ہیں۔



دوسری جانب پولیس کا کہنا ہے کہ اداکار اکشت نے ممبئی میں اپنی رہائش گاہ پر پنکھے سے لٹک کر خودکشی کی تاہم ان کے کمرے سے کسی قسم کا سوسائڈ نوٹ نہیں ملا، ان کی لاش پوسٹ مارٹم کے بعد اہل خانہ کے حوالے کردی گئی ہے جب کہ معاملے کی مزید تفتیش کی جارہی ہے۔

اس خبر کو بھی پڑھیں؛ سشانت سنگھ کی رلا دینی والی آخری انسٹاگرام پوسٹ اور خودکشی سے قبل کا احوال

واضح رہے ٹی وی اداکار اکشت اتکرش بھارتی ریاست بہار کے رہنے والے تھے اور 2 سال پہلے ہی کام کے سلسلے میں ممبئی شفٹ ہوگئے تھے جہاں وہ کرایہ کے گھر میں رہتے تھے۔
Load Next Story