کورونا کیسز میں اضافے پر کراچی کے درجنوں ریسٹورینٹس ِسیل منگھوپیر میں لاک ڈاؤن

منگھو پیر کی یوسی 8 میں 22 افراد میں کورونا کی تصدیق ہوئی ہے جس پر مائیکرو اسمارٹ لاک ڈاؤن لگا دیا گیا


ویب ڈیسک September 30, 2020
کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے والے ریسٹورینٹس اور دکانوں کو سیل کردیا گیا، فوٹو : فائل

پاکستان میں کورونا ایک بار پھر سر اُٹھانے لگا ہے اور 60 فیصد نئے کیسز کراچی میں سامنے آئے ہیں جس پر ضلع غربی کے گڈاپ ٹاون منگھوپیر یوسی 8 میں مائیکرو اسمارٹ لاک ڈاون نافذ کردیا گیا ہے جب کہ کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی پر شہر بھر کے درجنوں ریسٹورینٹس اور دکانوں کو سیل کردیا گیا۔

کراچی میں کورونا وائرس کی وباء کے پھیلاؤ اور کیسز کی بڑھتی ہوئی تعداد پر قابو پانے کے لیے شہر کے مختلف اضلاع کے مخصوص علاقوں میں مائیکرو اسمارٹ لاک ڈاون نافذ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جس کے پیش نظر ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر کی تجویز پر ڈپٹی کمشنر ویسٹ نے ضلع غربی کے متاثرہ علاقوں میں کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد کروانے کے لئے نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق ضلع غربی سے ایک ہی یوسی سے 22 افراد میں کرونا کی تصدیق ہوئی ہے، ضلع غربی کے علاقے گڈاپ ٹاون منگھوپیر یوسی 8 میں سمامہ ولاز اور صائمہ سٹی سے کورونا کے کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ علاقے کی کل آبادی تقریبا 4000 ہے، علاقے میں مائکرو اسمارٹ لاک ڈاون کے تحت غیر متعلقہ افراد کا داخلہ ممنوع قرار دیا گیا ہے۔

علاوہ ازیں علاقے میں داخل ہوتے اور باہر جاتے ہوئے فیس ماسک پہننا لازمی ہوگا، علاقے میں تمام ٹرانسپورٹ، ڈبل سواری پر اور کسی بھی قسم کے عوامی اجتماع پر بھی پابندی عائد کردی گئی ہے، صرف راشن کی دوکان اور میڈیکل اسٹور کھولنے کی اجازت ہوگی۔ علاقے میں تمام کاروباری سرگرمیاں معطل ہوں گی اور تمام ہوم ڈلیوریز پر بھی پابندی ہوگی اور گھر سے صرف ایک شخص کو ضروری اشیاء خریدنے کے لیے باہر آنے جانے کی اجازت ہوگی۔

کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی پر درجنوں ریسٹورینٹس سیل

دوسری جانب کورونا کیسز میں اضافے کو دیکھتے ہوئے کمشنر کراچی کی ہدایت پر ڈپٹی کمشنرز و اسسٹنٹ کمشنرز نے ضلع جنوبی، وسطی اور ملیر میں پولیس کی مدد سے کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی پر ایک درجن سے زائد ریسٹورنٹس اور دکانوں کو سیل کر دیا۔

چھاپہ مار کارروائی کے دوران ریسٹورینٹس اور دکانوں میں نہ تو ماسک کی پابندی پر عمل کیا جا رہا تھا اور نہ ہی سماجی فاصلے کا خیال رکھا گیا تھا جس پر متعلقہ ڈپٹی کمشنرز نے ریسٹورینٹس کو تین ماہ کے لیے سیل کردیا۔

واضح رہے کہ گزشتہ ماہ ستمبر میں کراچی میں کورونا وائرس کے 4 ہزار 667 کیسز رپورٹ ہوئے اور گزشتہ روز 365 کیسز سامنے آئے ہیں جس پر محکمہ صحت سندھ نے شہر کے متاثرہ علاقوں میں مائیکرو اسمارٹ لاک ڈاون (ایم ایس ایل ڈی) نافذ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |