پلاٹ الاٹمنٹ کیس نواز شریف کو اشتہاری قرار دینے کی کارروائی شروع کرنے کا حکم

غیر قانونی پلاٹ الاٹمنٹ کیس میں نواز شریف کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری کی عملدرآمد رپورٹ بھی عدالت میں پیش


ویب ڈیسک October 01, 2020
غیر قانونی پلاٹ الاٹمنٹ کیس میں نواز شریف کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری کی عملدرآمد رپورٹ بھی پیش۔ فوٹو : فائل

احتساب عدالت نے غیر قانونی پلاٹ الاٹمنٹ کیس میں نواز شریف کو اشتہاری قرار دینے کی کارروائی شروع کرنے کا حکم دیدیا۔

احتساب عدالت لاہور کے جج اسد علی کی سربراہی میں غیر قانونی پلاٹ الاٹمنٹ کیس کی سماعت ہوئی جس میں نواز شریف کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری کی عملدرآمد رپورٹ پیش کی گئی، ہائی کمیشن لندن نے وزارت خارجہ کے ذریعے عملدرآمد رپورٹ پاکستان بھجوائی۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ملزم جان بوجھ کر وارنٹ گرفتاری وصول نہیں کر رہا ہے اور ملزم اسی وجہ سے لندن فرار ہوا ہے۔

سماعت کے دوران نیب پراسیکیوٹر نے کہا کہ ملزم میر شکیل نے اس وقت کے وزیراعلیٰ نواز شریف کی ملی بھگت سے ایک ایک کنال کے 54 پلاٹ ایگزمپشن پر حاصل کیے، ملزم میر شکیل نے نواز شریف کی ملی بھگت سے 2 گلیاں بھی الاٹ شدہ پلاٹوں میں شامل کرلیں۔

عدالت نے سابق وزیراعظم نواز شریف کو اشتہاری قرار دینے کی کارروائی شروع کرنے کا حکم دیتے ہوئے آئندہ سماعت پر سابق وزیراعظم کو اشتہاری قرار دینے کی پیش رفت رپورٹ بھی طلب کرلی، اس کے علاوہ عدالت نے میر شکیل کے جوڈیشل ریمانڈ میں 14 روز کی توسیع بھی کردی۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں