کراچیخالدبن ولیدروڈپردستی بم دھماکاایک خاتون ہلاک2زخمی

ملازمہ نسرین اپنی بہوکے ساتھ جارہی تھی، کھلونانماچیزنظرآنے پراٹھالی جس سے دھماکا ہوگیا


Staff Reporter December 19, 2013
خالد بن وليد روڈ پر دھماكے ميں ہلاك خاتون كي لاش اسپتال ميں ، رشتہ دار غم سے نڈھال ہيں ۔فوٹو:راشد اجمیری/ایکسپریس

KARACHI: فیروزآبادکے علاقے پی ای سی ایچ ایس خالدبن ولیدروڈکے قریب دستی بم ہاتھ میں پھٹنے سے خاتون ہلاک جبکہ اس کی بہوسمیت2 افرادزخمی ہوگئے۔

دھماکے سے علاقہ مکین خوفزدہ ہوکرگھروں سے باہر نکل آئے جبکہ پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری نے علاقے کواپنے گھیرے میں لے کرہلاک و زخمی کواسپتال پہنچایا،پولیس نے شک کی بنا پرہلاک ہونے والی خاتون کے شوہراورزخمی بہوکوحفاظتی تحویل میں لے لیااور پوچھ گچھ کے بعدچھوڑ دیا۔تفصیلات کے مطابق فیروزآبادکے علاقے پی ای سی ایچ ایس بلاک2خالد بن ولیدروڈ کے قریب پلاٹ نمبر165-B پر واقع رہائشی عمارت فرواہومزکے مرکزی گیٹ کے سامنے بدھ کی صبح تقریباً11بجے کے قریب زوردار دھماکاہوا جس کی آواز دور تک سنائی دی جبکہ علاقہ مکین خوفزدہ ہو کر گھروں سے باہر نکل آئے جہاں انھوں نے سڑک پر 2خواتین کو زخمی حالت میں گراہوا دیکھا جس میں سے ایک خاتون 48 سالہ نسرین بی بی زوجہ رب نواز زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئی،اطلاع ملتے ہی پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور ہلاک و زخمی کو جناح اسپتال پہنچایا،اے ایس پی فیروز آباد اختر فاروق نے بتایاکہ ہلاک ہونے والی خاتون نسرین بی بی لائنزایریاکالی ٹنکی کی رہائشی اورگھریلوملازمہ تھی جبکہ زخمی ہونے والی 20 سالہ عذرازوجہ عامراس کی بہو ہے جس نے پولیس کو ابتدائی بیان میں بتایاکہ وہ دونوں گھریلوملازمہ ہیں اور بدھ کو حسب معمول اپنے کام پرجارہی تھیں کہ فروا ہومزعمارت سے پہلے انھیں سڑک پر تھیلی پڑی ملی جس میں کھلونے جیسی کوئی چیزدکھائی دی جسے اس کی ساس نسرین بی بی نے اٹھالیا اور چلتے چلتے وہ اسے کھول کر دیکھ رہی تھی کہ اس دوران زورداردھماکاہوگیا ۔

دھماکے بعد علاقہ مکینوں کی بڑی تعدادجائے وقوع پر جمع ہوگئی جبکہ دھماکے سے عمارت کے سامنے کھڑی ہوئی ہنڈاسٹی کار نمبر ADN-624 کو بھی جزوی نقصان پہنچا۔ایس ایس پی اخترفاروق نے بتایا کہ دھماکے کے بعدہلاک ہونے والی خاتون کی بہو اور شوہر کو پولیس نے حراست میں لے لیاجبکہ فوری طور پر ان کے گھروں پر بھی چھاپے مار کر تلاشی لی گئی تاہم وہاں سے ایسی کوئی چیزبرآمد نہیں ہوئی جس سے یہ کہا جا سکے کہ بم دھماکے میں ہلاک و زخمی ہونے والوں کاتعلق کسی دہشت گرد گروپ سے ہے۔اے ایس پی فیروز آبادنے بم دھماکے کو کھلونا بم دھماکا قرار دیاہے جبکہ دھماکے کے بعد جائے وقوع پر جانے والی بم ڈسپوزل اسکواڈ کے افسران نے جائے وقوع کا معائنہ کرنے کے بعد دھماکے کو دستی بم کادھماکا قرار دیا ہے۔



بی ڈی ایس ذرائع کا کہنا ہے کہ دھماکے میں روسی ساختہ دستی بم استعمال ہواجبکہ جائے وقوع سے اس کا لیور اور ایک درجن سے زائد دستی بم کے ٹکڑے بھی ملے ہیں ،دھماکے میں ہلاک ہونے والی خاتون کا سیدھا ہاتھ کلائی تک اڑ گیا جبکہ اس کاپیٹ اورسینہ بری طرح متاثر ہوا،دھماکے میں زخمی ہونے والی عذرا کے چہرے اور ٹانگوں پرزخم آئے ہیں جبکہ زخمی ہونے والا محمدخان ڈرائیور ہے جو فرواہومز کے چوکیدار ایاز کے ہمراہ کھڑاتھاکہ دھماکا ہوگیا۔ دھماکے میں جاں بحق ہونے والی خاتون نسرین بی بی کے پوسٹ مارٹم کے بعدلیڈی ایم ایل اوجناح اسپتال ڈاکٹر روحینہ کا کہنا تھا کہ دھماکے میں خاتون کا چہرہ ،پیٹ اور سینہ بری طرح متاثر ہوئے ہیں جبکہ خاتون کاسیدھا ہاتھ کلائی کے قریب سے جسم سے جداہوگیا،متوفیہ نسرین بی بی اور زخمی ہونے والی اس کی بہو عذراکے جسم سے کوئی بال بیرنگ نہیں ملا۔دھماکے کے بعدمختلف افواہیں پھیل گئیں،مکینوں نے بتایاکہ فرواہومز میں (آج) خواتین کی مجلس منعقد کی جانی تھی اوردہشت گرد بم پھینک کر فرارہونے کے بجائے اسے تھیلی میں رکھ کر چلے گئے جوخاتون کی غلطی کے باعث پھٹ گیا،بعض لوگوں کاکہناتھا کہ امام بارگاہ کو نشانہ بنایاجاناتھا،تاہم خودکش بمبارعورت کی امام بارگاہ میں گھسنے کی کوشش ناکام بنادی گئی تاہم صورتحال واضح ہونے کے بعدمکینوں میں پائی جانے والی بے چینی ختم ہوگئی۔

ہلاک ہونے والی نسرین بی بی کے بھتیجے نے بتایا کہ اس کی پھوپھی گزشتہ6سال سے گھریلوملازمہ کاکام کرتی تھی جبکہ زخمی ہونے والی ان کی بہوعذرا کی2ماہ قبل شادی ہوئی تھی اوروہ بھی اپنی ساس کاہاتھ بٹانے کیلیے ان کے ہمراہ گھریلوملازمہ کاکام کر رہی تھی،متوفیہ کاشوہر رب نوازاوربیٹا عامر علاقے میں سبزی فروخت کرنے کا کام کرتے ہیں جبکہ متوفیہ 6 بچوں کی ماں اورآبائی تعلق مظفر گڑھ سے تھا۔ فیروز آباد پولیس نے خالد بن ولید روڈکے قریب بم دھماکے کامقدمہ درج کرلیا ہے، انویسٹی گیشن پولیس کے مطابق یہ بات بہت اہمیت رکھتی ہے کہ خاتون کے پاس دستی بم کہاں سے آیا؟،تفتیشی افسران اس بات پربھی شبہ ظاہر کر رہے ہیں کہ دہشتگردنے اسی علاقے میں رہائش اختیار کی ہوئی ہے اوروہ کسی جگہ بم رکھنے جارہاہو گا کہ بے دھیانی میں اس سے بم گر گیااوراسے اس کاپتہ نہیں چلا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔