سری لنکا نے پسینے چھڑا دیے پاکستان بمشکل فتحیاب

گرین شرٹس نے5 وکٹ پر 322 رنز جوڑے، فارم میں واپس آنے والے محمد حفیظ کی سنچری، صہیب مقصود کی ففٹی


Sports Desk December 19, 2013
حفیظ نے 43 ویں اوور میں گیند کو اسٹینڈز میں پہنچا کر ساتویں سنچری مکمل کی۔گیٹی امیجز

پہلے ون ڈے میں سری لنکا نے پاکستانی بولرز کے پسینے چھڑا دیے،323 کا ہدف دینے کے باوجود بمشکل11 رنز سے فتح میزبان سائیڈ کے ہاتھ آئی۔

سیکوگے پرسنا اور سچتراسینا نائیکے کی کامیابی چھیننے کی کوشش آخری وقت میں ناکام ہوگئی، دونوں نے 45 بالز پر 87 رنز جوڑے،مہمان ٹیم3 بالز قبل 311 پر آئوٹ ہوئی۔ اس سے قبل پاکستان نے 5 وکٹ پر 322 رنز بنائے، محمد حفیظ نے 122، صہیب مقصود نے 73 اور شرجیل خان نے 61 رنز کی اننگز کھیلیں۔ تفصیلات کے مطابق جیت کیلیے 323 رنز کا ہدف پانے والی سری لنکن ٹیم نے اعصاب کو قابو میں رکھتے ہوئے سنبھل کر بیٹنگ شروع کی، مجموعہ 66 پر پہنچتے ہی تلکارتنے دلشان 30 رنز پر جنید خان کا شکار بن گئے، ڈیپ اسکوائر لیگ پر موجود حفیظ نے چند قدم پیچھے ہٹ کر کیچ تھاما، دوسرے اوپنر کوشل پریرا نے حفیظ کی گیند پر ایل بی ڈبلیو قرار پانے پر ریویو لیا جو ان کے کام نہیںآیا، انھوں نے 64 رنز بنائے، ایک اور خطرناک کھلاڑی کمار سنگاکارا کو شاہد آفریدی نے پویلین کا راستہ دکھایا، کیچ وکٹ کیپر عمر اکمل نے تھاما، وہ امپائر کے اشارے کا انتظار کیے بغیر خود پویلین لوٹ گئے،141 پر چوتھی وکٹ گری جب لاہیرو تھریمانے (10) آفریدی کی گیند پر آئوٹ ہوئے،صہیب نے فضا میں اچھل کر عمدہ کیچ لیا۔

دنیش چندیمل نے میتھیوز کی مدد سے اسکور کو 214 تک پہنچایا مگر خود 46پر رن آئوٹ ہوگئے، میتھیوز اگلے اوور میں 31 رنز پر جنید کی گیند پر سہیل تنویر کا کیچ بنے، تشارا پریرا کو 6 کے انفرادی اسکور پر بلاول بھٹی نے مصباح کی مدد سے میدان بدر کیا۔اس کے بعد سیکوگے پرسنا اور سچترا سینانائیکے نے چوکوں، چھکوں کی برسات میں پاکستان سے فتح چھیننے کی کوشش کی، دونوں نے 7.3 اوور میں آٹھویں وکٹ کیلیے 87 رنز کی شراکت بنا دی اور سہیل تنویر و بلاول بھٹی کو نشانہ بنایا، سیکنڈ لاسٹ اوور کی آخری گیند پر متبادل پلیئر انور علی نے سینانائیکے کا دوسری کوشش میں کیچ تھاما، انھوں نے 24 بالز پر ایک چھکے اور 7 چوکوں کی مدد سے 42 رنز بنائے، وکٹ سہیل تنویر کے حصے میں آئی، آخری اوور کی پہلی گیند پر لسیتھ مالنگا دوسرا رن لینے کی کوشش میں رن آئوٹ ہوگئے، ایک گیند بعد جنید نے پرسنا کو 42 رنز پر شرجیل کا کیچ بنا دیا،انھوں نے تین جبکہ شاہد آفریدی نے2 وکٹیں لیں۔

 photo 1_zps961da81d.jpg

اس سے قبل ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پاکستان کا اسکور 35 رنز تک پہنچا ہی تھا کہ احمد شہزاد (11) کو سورنگا لکمل کی گیند پر ایل بی ڈبلیو قرار دے دیا گیا، ناقص فارم کی وجہ سے دبائو کاشکار حفیظ شروع میں کافی محتاط رہے، دوسرے اینڈ سے شرجیل مثبت بیٹنگ کرتے رہے، حفیظ کا بھی جب اعتماد بحال ہوا تو ہاتھ کھولنا شروع کیے، اس دوران شرجیل خان نے ڈیبیو میچ میںففٹی مکمل کی، چوتھے اوور میں انھوں نے لسیتھ مالنگا کو2چوکے اور ایک چھکا جڑ کر صلاحیتوں کا اظہار کیا، 56 رنز پر سیکوگے پرسنا کی گیند پر تشارا نے ان کا کیچ ڈراپ کیا مگر صرف پانچ رنز بعد انھوں نے اسی بولر کی گیند کو بائونڈری کے باہراچھالنے کی کوشش کی،وہاں پر موجود سینانائیکے نے کیچ تھامنے میں کوئی غلطی نہیںکی۔ شرجیل نے61 رنز اسکور کیے،جس میں 3 چھکے اور 6 چوکے شامل تھے۔ صہیب مقصود نے بھی بیٹنگ کا ٹیمپو ٹوٹنے نہیں دیا اور حفیظ کے ساتھ مل کر اسکور بورڈ کو متحرک رکھا۔

حفیظ نے 43 ویں اوور میں گیند کو اسٹینڈز میں پہنچا کر ساتویں سنچری مکمل کی،کیریئر کا چھٹا ون ڈے انٹرنیشنل کھیلنے والے صہیب مقصود، حفیظ کے ساتھ غلط فہمی کی وجہ سے رن آئوٹ ہوگئے، حفیظ نے ڈبل کی کال دی ہو مگر وہ خود تو نان اسٹرائیک پر رک گئے جبکہ صہیب دوسرے رن کیلیے دوڑتے ہوئے وکٹ کے درمیان تک پہنچ گئے، جب حفیظ نے انھیں واپس پلٹنے کو کہا اس وقت تک سنگاکارا ،پریرا کی تھرو پر اسٹمپس اڑا چکے تھے، صہیب نے 73 رنز بنائے جبکہ حفیظ کے ساتھ تیسری وکٹ کیلیے 140 رنز کی شراکت بنائی، شاہد آفریدی نے 12 بالز پر 3 شاندار چھکوں اور 2 چوکوں کی مدد سے 34 رنز بنائے، اس دوران پاکستان کا اسکور300 سے اوپر پہنچ گیا، پریرا کی گیند پر پیڈل شاٹ کھیلنے کی کوشش میں وہ بولڈ ہوگئے، جب اننگز ختم ہونے میں صرف2بالز باقی تھیں حفیظ نے لکمل کی گیند کو اوپر اچھال دیا، چندیمل نے آسان کیچ تھاما، انھوں نے 129 بالز پر 122 رنز بنائے جس میں 4 چھکے اور 7 چوکے شامل تھے۔ عمر اکمل 9 رنز پر ناٹ آئوٹ رہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |