قومی ون ڈے کپ اعظم نے لاہور کی بیٹنگ کو تہس نہس کردیا

پیسر نے7 وکٹیں لے کر پشاورکو کامیابی دلا دی،کراچی زیبراز نے راولپنڈی ریمز کا114رنز سے شکارکرلیا


Sports Desk December 19, 2013
ملتان ٹائیگرزنے کراچی ڈولفنزکو5وکٹ سے شکست دیدی، سعد علی اور عبدالرحمان کی سنچریاں،پریذیڈنٹ کپ میں واپڈا اورزرعی ترقیاتی بینک کی کامیابیاں. فوٹو: اے ایف پی/فائل

ڈومیسٹک ون ڈے کپ میں اعظم خان نے لاہور ایگلز کی بیٹنگ لائن کو تہس نہس کردیا۔

رائٹ آرم میڈیم پیسر نے 18رنز کے عوض7 وکٹیں لیکر پشاور پینتھرز کو کامیابی دلا دی،کراچی زیبراز نے راولپنڈی ریمز کا114رنز سے شکارکرلیا، فاتح ٹیم کیلیے فخر زمان نے165کی دھواں دار اننگز کھیلی، وقار انورنے 5 کھلاڑیوں کو پویلین چلتا کیا،ملتان ٹائیگرز نے کراچی ڈولفنز کو5 وکٹ سے ہرا دیا، عبدالرحمان مزمل کی تھری فیگر اننگز نے ٹیم کو فتح سے ہمکنار کرایا،سعد علی کی سنچری رائیگاں گئی،اسلام آباد لیپرڈز نے کوئٹہ بیئرز کو 60رنز سے ہرایا،فیصل آباد نے حیدرآباد کو 3 وکٹ سے مات دی،دوسری جانب پریذیڈنٹ ون ڈے کپ میں پی ٹی وی کو واپڈا نے9وکٹ سے آئوٹ کلاس کیا ، زرعی ترقیاتی بینک نے یوبی ایل کو 4 وکٹ سے شکست دی۔تفصیلات کے مطابق ون ڈے کپ میں ارباب نیاز اسٹیڈیم پر پشاور پینتھرز نے لاہور ایگلز کو9 وکٹ سے قابو کرلیا، رائٹ آرم میڈیم پیسراعظم خان نے18رنز کے عوض7 وکٹیں لے کر ایگلز کی اننگز 24.2 اوورز میں 68 پر تمام کردی، قیصراشرف13 ناٹ آئوٹ کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے، تاج ولی نے تین پلیئرز کو آئوٹ کیا، پشاور نے آسان ہدف 8.1 اوورز میں ایک وکٹ پر حاصل کرلیا،اسرار اللہ 28 گیندوں پر43 رنز ناٹ آئوٹ بناکر نمایاں رہے۔

کراچی زیبراز نے راولپنڈی ریمز کا 114رنز سے شکارکرلیا، فاتح ٹیم نے مقررہ 45 اوورز میں 9 وکٹ پر 314 رنز بنائے،فخر زمان نے 165 کی دھواں دار اننگز کھیلی، انھوں نے137 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 5چھکے اور 20 چوکے جڑے، علی مدثر37 رنز بناکر نمایاں رہے، نوید ملک نے 4 اور نوید سعید نے2 وکٹیں لیں، راولپنڈی کی ٹیم جوابی اننگز میںوقار انور کی تباہ کن بولنگ کے سامنے 38.4 اوورز میں 170رنز پر ڈھیر ہوگئی،انھوں نے 34رنز کے عوض5 کھلاڑیوں کوپویلین چلتا کیا، فراز احمد کے حصے میں 3 وکٹیں آئیں جبکہ علی مدثر نے2 پلیئرز کو پویلین چلتا کیا، ناکام سائیڈ کیلیے غلام مرتضیٰ اور مزمل نظام نے یکساں طور پر51،51رنز اسکور کیے۔ بہاولپور میں میزبان اسٹیگ اور سیالکوٹ اسٹالینز کا میچ دھند کے باعث نہیں ہوسکا۔ملتان ٹائیگرز نے کراچی ڈولفنز کو5 وکٹ سے زیر کیا، ڈولفنز نے 5 وکٹ پر 279رنز بنائے، سعد علی 102 پر ناٹ آئوٹ رہے، محمد حسن47 اور فہیم احمد37 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، کمیل عباس نے 3 وکٹیں لیں،ٹائیگرز نے ہدف 5 وکٹیں گنواکر حاصل کرلیا، عبدالرحمان مزمل119اور کاشف نوید53 رنز بنانے میں کامیاب رہے۔

 photo 7_zps7559a0a8.jpg

اسلام آباد لیپرڈز نے کوئٹہ بیئرز کو60رنز سے ہرادیا، کامیاب سائیڈ نے 198رنز بنائے، سلمان حیدرنے 60 کی اننگز کھیلی،گوہر فیض نے تین پلیئرز کو میدان بدر کیا، کوئٹہ کی ٹیم 138 پر آئوٹ ہوگئی، عبدالرئوف نے 46 رنز ناٹ آئوٹ کے ساتھ مزاحمت کی، شیر حسن نے 11ویں نمبر پر کھیلتے ہوئے 44رنز بنائے، شہزاد اعظم نے 4 اور حمزہ ندیم نے3 وکٹیں لیں۔فیصل آباد نے حیدرآباد کو 3 وکٹ سے مات دے دی،ناکام سائیڈ نے 9 وکٹ پر 237رنز اسکور بورڈ پر سجائے، شعیب لغاری74 اور فیصل اطہر50رنز بناکر نمایاں رہے، فیصل آباد نے ہدف 7 وکٹ گنواکر حاصل کرلیا، آصف علی نے56 اور معظم حیات نے 36کی اننگز کھیلی،گل شیر نے 4 کھلاڑیوں کو قابو کیا۔

دوسری جانب پریذیڈنٹ ون ڈے کپ میں پی ٹی وی کو واپڈا نے 9 وکٹ سے آئوٹ کلاس کردیا، خالد عثمان کی طوفانی بولنگ پر سرکاری براڈ کاسٹر کی ٹیم 114 پر ہمت ہارگئی، محمد سمیع نے 32 رنز بنائے، خالد نے 15رنز کے عوض6 وکٹوں کا سودا کیا۔زرعی ترقیاتی بینک نے یوبی ایل کو 4 وکٹ سے شکست دے دی،ناکام سائیڈ پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 41.4 اوورز میں 181 پر پویلین لوٹ گئی، کاشف بھٹی اور محمد زوہیب یکساں طور پر39،39رنز بنانے میں کامیاب رہے، رائو افتخار نے تین کھلاڑیوں کو پویلین چلتا کیا، زیڈ ٹی بی ایل نے ہدف چار وکٹ پر حاصل کرلیا، یاسر حمید ایک رن کی کمی سے ففٹی مکمل نہیں کرپائے،حسیب الرحمان44 اور لقمان بٹ33 کے ساتھ نمایاں رہے، کاشف بھٹی نے 2 پلیئرز کو آئوٹ کیا۔قذافی اسٹیڈیم پر دھندکے باعث سوئی ناردرن گیس اور اسٹیٹ بینک کا مقابلہ بے نتیجہ رہا، 13 اوورز کے ممکنہ کھیل میں قومی بینک نے 6 وکٹ پر 40رنز بنائے، عمران خالد نے 6رنز دے کر3 وکٹیں لیں۔ خراب موسم کے سبب جناح اسٹیڈیم سیالکوٹ پر حبیب بینک اور پورٹ قاسم جبکہ فیصل آباد میں نیشنل بینک اور کے آر ایل کے میچز نہیں ہوسکے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں