سندھ ہائیکورٹ لاپتہ شہری کی بازیابی سے متعلق درخواست پر کمنٹس طلب

بڑے بھائی فائق کو حساس اداروں کے اہلکار اپنے ساتھ لے گئے،اب تک کسی بھی عدالت میںپیش نہیں کیا، درخواست گزار


Staff Reporter September 07, 2012
فوٹو فائل

سندھ ہائیکورٹ کے چیف جسٹس مشیرعالم اور جسٹس سید فاروق شاہ پر مشتمل دو رکنی بینچ

لاپتہ شہری محمد فائق صدیقی کی بازیابی سے متعلق آئینی درخواست پر وزارت داخلہ اور حساس اداروں کو 13ستمبر کے لیے نوٹس جاری کرتے ہوئے کمنٹس طلب کرلیے ، درخواست گزار عمر علی صدیقی نے وزارت داخلہ ، آئی ایس آئی ، ملٹری اینٹلی جنس، اینٹلی جنس بیورو کے سربراہان ، ہوم سیکرٹری سندھ، ایس ایس پی ایسٹ اور ایس ایچ او فیروزآباد پولیس اسٹیشن کو فریق بناتے ہوئے سید عبدالوحید ایڈووکیٹ کے توسط سے موقف اختیار کیا ہے کہ ان کے بڑے بھائی محمد فائق ٹریکر کمپنی میں پروگرام منیجر کی حیثیت سے فرائض انجام دے رہے تھے۔

10 اگست کو تقریبا تین بجے دوپہر سادہ کپڑوں میں ملبوس حساس اداروں کے اہلکار پی ای سی ایچ ایس میں واقع انکے دفتر سے اپنے ساتھ لے گئے تاہم اس کے بعد وہ واپس نہیں آئے اور نہ ہی انھیں ابھی تک کسی عدالت میں پیش کیاگیا ہے ، درخواست گزار کے مطابق انہیں اپنے بھائی کے بارے میں یہ علم بھی نہیں کہ انہیں کہاں اور کس حال میں رکھا گیا ہے ۔

جسٹس عقیل عباسی اور جسٹس محمدفاروق چنہ پر مشتمل دو رکنی بینچ نے محمد عارف قاسمی کا نام انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت شیڈول فور میں شامل کرنے کے خلاف درخواست پر مدعا علیہان کو نوٹس جاری کردیے ، درخواست میں ہوم سیکرٹری، ایس ایس پی ایسٹ اور ایس ایچ او بہادرآباد کو فریق بناتے ہوئے موقف اختیارکیا گیا ہے۔

درخواست گزار عمر رسیدہ اور اچھی شہرت کاحامل شہری ہے جو اپنا کاروبار قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے جاری رکھے ہوئے ہے اس کا کسی کالعدم مذہبی یا سیاسی تنظیم سے کوئی تعلق نہیں ، اسکے باوجود ہوم سیکرٹری سندھ نے ان کا نام پولیس کی غلط اطلاع کے بعد شیڈول فور میںشامل کردیا ہے۔

جس کے باعث وہ اپنی نقل وحرکت کی اطلاع متعلقہ پولیس اسٹیشن کو دینے کے پابند ہیں ، اس فیصلے کے خلاف انھوں نے دسمبر 2010 میں ہوم سیکرٹری کو اپیل کی تھی لیکن اس اپیل کا فیصلہ تاحال نہیں ہوا، عدالت عالیہ سے استدعا کی گئی ہے کہ ہوم سیکرٹری کو درخواست گزار کی اپیل کا فیصلہ جلد کرنے کا پابند کرے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں