چیچہ وطنی میں معمولی تلخ کلامی پردوگرپوں میں تصادم 4افراد جاں بحق

گاؤں 110 کے 6 افراد چوہدری ثاقب کے گھر میں داخل ہوئے اور فائرنگ کردی، جوابی فائرنگ میں 3 افراد جاں بحق ہوئے، پولیس

جاں بحق ہونے والوں میں محمد اصغر، محمد حسن بنٹو، محمد ظہیر اور ثاقب جٹ شامل ہیں، پولیس (فوٹو : فائل)

لاہور:
نواحی گاؤں 108 بارہ ایل میں پانی کے معمولی جھگڑے میں فائرنگ کے تبادلے میں 4 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے۔

ایکسپریس نیوزکے مطابق پنجاب کے ضلع ساہیوال کی تحصیل چیچہ وطنی میں معمولی تلخ کلامی پر دو گروپوں میں تصادم ہوگیا،اور فائرنگ کے تبادلے میں 4 افراد جان کی بازی ہار گئے، جب کہ متعدد افراد زخمی بھی ہوئے۔


پولیس حکام کے مطابق نواحی گاؤں 110 اور 108 کے دونوں فریقین میں گزشتہ روز پانی کے معاملہ پر معمولی تلخ کلامی ہوئی اور جھگڑا بھی ہوا، تاہم آج گاؤں 110 کے 6 افراد چوہدری ثاقب کے گھر میں داخل ہوئے اور فائرنگ کردی، فائرنگ کے نتیجے میں ثاقب شدید زخمی ہو گیا جب کہ جوابی فائرنگ پر 3 افراد جاں بحق ہو گئے، بعد ازاں نامعلوم افراد نے اسپتال کی ایمرجنسی میں گھس کر زخمی ہونے والے ثاقب کو بھی قتل کر دیا۔

پولیس نے بتایا کہ ایک زخمی کو تشویشناک حالت میں ساہیوال ڈی ایچ کیو ہسپتال ریفر کر دیا گیا ہے، جاں بحق ہونے والوں میں محمد اصغر، محمد حسن بنٹو، محمد ظہیر اور ثاقب جٹ شامل ہیں، پولیس نے موقع پر پہنچ کر نعشوں کو اپنی تحویل میں لے کر ضروری کارروائی کیلئے ٹی ایچ کیو اسپتال منتقل کردیا گیا، اور مزید تحقیقات جاری ہے۔
Load Next Story