اپوزیشن کل کی بجائے آج ہی استعفے دے حکومت الیکشن کرانے کو تیار ہے شیخ رشید

وزیراعظم نے نوازشریف کو تقریر کی اجازت دینے کا غلط فیصلہ کیا، وزیر ریلوے


ویب ڈیسک October 03, 2020
نوازشریف تیاری کریں آپ کی عدالتوں میں پیشی کا وقت ہے، شیخ رشید . فوٹو : فائل

وفاقی وزیر شیخ رشید کا کہنا ہے کہ اپوزیشن نے کل کی بجائے آج ہی استعفے دے، ہم ضمنی الیکشن کرائیں گے، جہاں الیکشن ہوئے وہاں اپوزیشن کا صفایا ہوجائے گا۔

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر شیخ رشید کا کہنا تھا کہ نوازشریف نے اپنی جماعت کی کمان سنبھال لی ہے، انہیں خواجہ آصف، شاہد خاقان یا دیگر سینئر رہنما نظر نہیں آتے، انہیں بیٹی کے علاوہ کسی پر اعتماد نہیں، ان کی سیاست کا محور صرف اپنی ذات ہے، انہیں اپنا لوٹا مال نظر آرہا ہے، یہ ایک سال 10 ماہ تک خاموش رہے کیوں کہ یہ بارگین کر رہے تھے، اس میں بہت سارے اور بھی لوگ شامل ہیں، حلفا کہہ رہا ہوں کہ یہ لوگ ڈیل کی کوشش کررہے تھے، یہ نیب کے قوانین میں چونتیس ترمیم چاہتے تھے، نوازشریف تیاری کریں آپ کی عدالتوں میں پیشی کا وقت ہے، نوازشریف اقتدار سے محرومی کا بدلہ ملک سے نہ لیں۔

شیخ رشید نے کہا کہ اپوزیشن نے کل استعفے دینے ہیں تو آج دیں، ہم ضمنی الیکشن کرائیں گے، جہاں الیکشن ہوئے وہاں ان کا صفایا ہوجائے گا، ایک بار پھر کہتا ہوں کہ پیپلزپارٹی والے استعفے نہیں دیں گے، مارچ میں عمران خان سینیٹ میں اکثریت حاصل کریں گے اور اپوزیشن کو ندامت ہوگی، چار ماہ اہم ہیں جھاڑو پھر جائے گا، مولانا فضل الرحمان سے کہتا ہوں نواز شریف نے آپ کو بہت استعمال کیا، اب آپ ان کو استعمال کریں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ نواز شریف نے قومی اداروں کیخلاف اعلان جنگ کیا، وہ بھول گئے کہ آپ نے جونیجو کے پیٹ پر چھرا مارا، بے نظیر بھٹو کی کردار کشی کی، نوازشریف بتائیں مودی سے تنہائی میں کیا باتیں ہوئیں، آپ دوسرے ملک سے مودی اور جندال کو فون کرتے تھے، لندن میں بیٹھ کر سی پیک کے خلاف سازشیں ہورہی ہیں، پاک فوج دنیا کی عظیم فوج ہے، پی جے پی پاک فوج کے خلاف ہوسکتی ہے کوئی مسلم لیگی پاک فوج کے خلاف نہیں ہوسکتا، نواز شریف نے فوج کیخلاف بھی اعلان جنگ کیا، وہ فوجی جوتوں سے نکل کر وزیر بنے، اب فوج پر باتیں بنا رہے ہیں، نوازشریف بھگوڑے ہیں، میں ہوتا تو نوازشریف کو تقریر کی اجازت نہ دیتا، وزیراعظم نے تقریر کی اجازت دینے کا غلط فیصلہ کیا۔

شیخ رشید نے کہا کہ مریم صاحبہ نے پریس کانفرنس میں مجھ پر چار حملے کئے، کسی سے نہیں ڈرتا، لیکں انہیں خاتون ہونے کی وجہ سے استثنیٰ اور بہت سی رعایتیں حاصل ہیں، مریم نواز اتنا بتادیں کہ ان کے والد شدید بیمار تھے تو اسپتال کیوں نہیں گئے؟ 9 ارب کی ترسیلات سے متعلق بتائیں، اسامہ بن لادن سے کتنی ملاقاتین کیں اور کتنے پیسے لئے، مریم نواز کو فائنل وارننگ دینا چاہتاہوں، میں کسی سے ڈرتا نہیں، اب میں وہ خبریں بتاؤں گا کہ پاکستانی سیاست میں زلزلہ آجائے گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں