بکیز نے آئی پی ایل بائیوببل میں بھی نقب لگا دی

ایک کھلاڑی تک رسائی میں کامیاب،فوری طور پر کرپٹ رابطے کی رپورٹ


Sports Desk October 04, 2020
بھارتی اینٹی کرپشن یونٹ مشکوک شخص کا کھوج لگانے میں مصروف۔ فوٹو: فائل

ISLAMABAD: بکیز نے آئی پی ایل بائیوببل میں بھی نقب لگا دی، کم سے کم ایک کھلاڑی سے رابطہ کرنے میں کامیاب ہوگئے جب کہ اس نے فوری طور پر کرپٹ رابطے کی رپورٹ کردی۔

انڈین پریمیئر لیگ کے 13 ویں ایڈیشن کا انعقاد متحدہ عرب امارات کے بائیوسیکیور ببل میں ہورہا ہے، جس میں کوئی غیرمتعلقہ شخص کسی بھی پلیئر یا اسٹاف ممبر سے رابطہ نہیں کرسکتا، اس کے باوجود بکیز اس ببل میں بھی نقب لگانے میں کامیاب ہوگئے، ایک کھلاڑی سے رابطے کی کوشش ہوئی جس نے فوری طور پر متعلقہ حکام کو رپورٹ کردی۔

بھارتی کرکٹ بورڈ کے اینٹی کرپشن یونٹ چیف اجیت سنگھ نے تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ایک پلیئر سے کرپٹ رابطہ ہوا جس کی اس نے رپورٹ کردی، جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا رابطہ کرنے والے شخص کو پکڑ لیا گیا تواجیت سنگھ نے کہاکہ ہم اس کا کھوچ لگا رہے ہیں، اس میں کچھ وقت لگ سکتا ہے۔

واضح رہے کہ اینٹی کرپشن پروٹوکول کے تحت کھلاڑی یا فرنچائز کی شناخت ظاہر نہیں ہوئی، نہ ہی یہ بتایا گیا ہے کہ جس سے رابطہ کیا گیا وہ بھارتی کھلاڑی ہے یا تعلق کسی دوسرے ملک سے ہے۔ 2 روز قبل ہی اجیت سنگھ نے یہ تصدیق کی تھی کہ بڑی تعداد میں بکیز بھی یواے ای پہنچ چکے ہیں، بائیوسیکیور ماحول کی وجہ سے ان کی براہ راست کھلاڑیوں تک رسائی ممکن نہیں، وہ اس کیلیے سوشل میڈیا استعمال کرسکتے ہیں، اسی وجہ سے کھلاڑیوں کے اکاؤنٹس پر بھی نظر رکھی ہوئی ہے۔

بی سی سی آئی کے ایک سینئر آفیشل نے کہاکہ ایونٹ سے قبل تمام بھارتی، غیرملکی اور ڈومیسٹک پلیئرز کو متعدد اینٹی کرپشن کلاسز میں بکیز کے طریقہ کار اور رابطہ کرنے پر فوراً رپورٹ کرنے کے حوالے سے بریفنگ دے دی گئی تھی۔

یاد رہے کہ آئی پی ایل کو کرپشن سے پاک رکھنے کیلیے بی سی سی آئی نے ایک برطانوی فرم اسپورٹ ریڈار کی بھی خدمات حاصل کرلی ہیں،وہ لیگ میں 'فراڈ ڈیٹیکشن سروس کے تحت جوئے اور دوسری کرپٹ سرگرمیوں سے بچاؤ کی خدمات فراہم کررہی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں