تعلیم ہی معاشرے میں ترقی کا بہترین ذریعہ ہے پرنس کریم آغا خان

تمام طلبہ کے بہتر مستقبل کے لئے پر امید ہوں اور مستقبل میں طلبہ سے معاشرتی ترقی کی توقع ہے، پرنس کریم آغا خان۔


ویب ڈیسک December 19, 2013
ہمارا ادارہ جذبہ خدمت سے سرشار ہے اور بہترین میعار ہی ہماری پہچان ہے، پرنس کریم آغا خان۔

پرنس کریم آغا خان نے کہا ہے کہ تعلیم ہی معاشرے میں ترقی کا بہترین ذریعہ ہے اور ہم چاہتے ہیں کہ بین الاقوامی سطح کے اسکالر پیدا کریں جو مستقبل کے چیلنجز کا ڈٹ کر مقابلہ کر سکیں۔

کراچی میں آغا خان یونی ورسٹی کے 30 ویں کانوکیشن کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے پرنس کریم آغا خان کا کہنا تھا کہ آج ملک اور یونی ورسٹی کے لئے تاریخی موقع ہے، تمام پاسنگ آؤٹ گریجویٹس کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد دیتا ہوں، تمام طلبہ کے بہتر مستقبل کے لئے پر امید ہوں اور مستقبل میں طلبہ سے معاشرتی ترقی کی توقع ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ تعلیم معاشرے میں بہتری کا سب سے بہترین ذریعہ ہے، یہ ادارہ جذبہ خدمت سے سرشار ہے اور بہترین میعار ہی ہماری پہچان ہے، ہم اس ادارے کے ذریعےعالمی سطح کے اسکالر پیدا کرنا چاہتے ہیں تاکہ مسقبل کے چیلنجز کا مقابلہ کیا جا سکے۔

پرنس کریم کا کہنا تھا کہ دنیا کے مستقبل کے بارے میں کچھ نہیں کہا جا سکتا، بہت سے معاملات میں سول سوسائٹی کا اہم کردار ہوتا ہے اور تعلیم ہی معاشرے میں میں مہارت اور قائدانہ صلاحیتیں پیدا کرنے کا بہترین ذریعہ ہوتا ہے اس لئے طلبہ میں چیلنجز کا سامنا کرنے کی صلاحیت پیدا کرنا چاہتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ترقی پزیز خصوصا مسلم ممالک میں میڈیا، بزنس منیجمنٹ، ٹورزم اور پبلک پالیسی، بین الاقوامی تعلقات، معیشت اور ایگری کلچر کے شعبوں میں نئے ادارے تعمیر کرنا چاہتے ہیں تاکہ طلبا معاشرے کے چیلنجز کا ڈٹ کر مقابلہ کر سکیں۔

اس موقع پر پرنس کریم آغا خان نے بتایا کہ 80 کی دہائی میں صرف 2 شعباجات کی مدد سے آغا خان یونی ورسٹی کا افتتاح کیا تھا جو اب ایک وسیع ادارہ بن چکا ہے۔ قبل ازیں پرنس کریم آغا خان نے آغا خان یونی ورسٹی کے 30 ویں کانوکیشن کے باقاعدہ افتتاح کا اعلان کیا اور تمام پاسنگ آؤٹ گریجویٹس کے ساتھ یادگار تصویریں بھی بنوائیں۔

تقریب میں گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان، وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ، اراکین قومی و صوبائی اسمبلی، تعلیمی ماہرین کے علاوہ بڑی تعداد میں ملکی اور غیر ملکی شخصات نے بھی شرکت کی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں