شرقپور شریف کی 100 سالہ سوغات گلاب جامن

حاجی شیخ حاکم کی دکان سے ایک دن میں کم و بیش 70 سے 80 ہزار گلاب جامن فروخت ہوتے ہیں


آصف محمود October 04, 2020
ایک گلاب جامن کی قیمت 5 روپے ہے فوٹو: ظہور احمد

لاہور کے قریب شرقپورشریف میں 100 سال سے ایک ایسی خاص سوغات گلاب جامن تیار کی جارہی ہے جسے خریدنے کے لئے مختلف شہروں سے لوگ یہاں آتے ہیں۔

شرقپورشریف ضلع شیخوپورہ کا چھوٹا سے شہر ہے، یہاں کی خاص سوغات گلاب جامن کی مٹھائی ہے جسے مقامی لوگ جموں کہتے ہیں۔ چھوٹے اورتنگ سے بازارمیں حاجی شیخ حاکم کی دکان ہے جہاں ہروقت جموں خریدنے والوں کا رش لگارہتا ہے۔ یہ دکان 1920 میں قائم ہوئی تھی اور سوسال ہوگئے ہیں ۔ آج اس دکان کو حاجی شیخ حاکم کے پوتے چلارہے ہیں۔

دکان کے مالک شیخ حارث آصف نے بتایا کہ ان جے بزرگ حاجی حاکم حضرت میاں شیر محمد شرقپوری کے مرید تھے۔ ایک بار خود میاں شیر محمد شرقپوری نے اپنے ہاتھوں سے بیضوی شکل میں گلاب جامن بنا کر حاجی حاکم کو دیا اور انہیں تاکید کی کہ اسی طرح گلاب جامن بنا کر فروخت کرو، اللہ پاک اس میں برکت دے گا، ان بزرگوں کی دعا قبول ہوئی اور آج 100 سال بعد بھی ہمارا خاندان یہ دکان چلارہا ہے ،آج بھی یہاں تیار ہونے والے جموں کا وہی ذائقہ اورسائز ہے جو 100 سال پہلے تھا۔

شیخ حارث کہتے ہیں ملک بھرمیں ان کی کوئی برانچ نہیں ہے، کئی لوگ اب شرقپور کے گلاب جامن کے نام سے فروخت کررہے ہیں مگر ہماری کوئی برانچ نہیں ہے اورنہ ہی ہم نے بنائی ہے۔ ان کے گلاب جامن اتنے کیوں پسند کئے جاتے ہیں اس کی وجہ ایک بزرگ ہستی کی دعا ہی ہے ورنہ جس طرح ہم لوگ گلاب جامن تیار کرتے ہیں باقی لوگ بھی ایسے ہی کرتے ہیں۔ وہ گلاب جامن وزن کے حساب سے نہیں بلکہ تعداد کے مطابق دیتے ہیں، ایک گلاب جامن کی قیمت 5 روپے ہے جسے مٹی کے کوزے یا پلاسٹک کی بالٹی میں ڈال کردیا جاتا ہے، گلاب جامن کے ساتھ گرما گرم چاشنی بھی ساتھ ڈال دی جاتی ہے، ایک دن میں کم وبیش 70 سے 80 ہزار گلاب جامن فروخت ہوجاتے ہیں۔

یہاں گلاب جامن کھانے آنے والے ایک شہری اقبال شاکر کا کہنا تھا وہ جب بھی یہاں آتے ہیں ناصرف خود گلاب جامن کھاتے ہیں بلکہ اپنی فیملی اور رشتہ داروں کے لئے بھی لے کر جاتے ہیں، انہوں نے ہنستے ہوئے کہا انہیں شوگرہیں لیکن اس کے باوجود سات،آٹھ گرما گرم گلاب جامن کھاگئے ہیں۔ وہ سمجھتے ہیں کہ ان میں بزرگوں کی دعاکی وجہ سے شفا بھی ہے۔

ایک خاتون زینب کاکہنا تھا ان کے یہاں کراچی سےمہمان آئے ہوئے ہیں ان کی خاص فرمائش یہی تھی کہ انہوں نے گلاب جامن کھانے ہیں، میں کچھ گلاب جامن پیک بھی کروالئے ہیں جووہ کراچی اپنے ساتھ لے کر جائیں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔