ابوبچاؤ مہم کے بعد انتشار پھیلانے والا گرینڈ الائنس بھی ناکام ہوگا فواد چوہدری

افسوس ہے کہ اب پیپلز پارٹی، (ن) لیگ کوشدت پسندوں کے ساتھ ملکرسیاست کرنی پڑرہی ہے، فواد چوہدری


ویب ڈیسک October 04, 2020
افسوس ہے کہ اب پیپلز پارٹی، (ن) لیگ کوشدت پسندوں کے ساتھ ملکرسیاست کرنی پڑرہی ہے، فواد چوہدری ۔ فوٹو : فائل

وفاقی وزیرسائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ ابو بچاؤ مہم ناکام ہوئی اب انتشار پھیلانے والا گرینڈ الائنس بھی ناکام ہوگا۔

کراچی انصاف ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ اسلام آباد کو ہم ایشیاء کا پہلا شہر بنا رہے ہیں جس میں بجلی سے چلنے والی پبلک ٹرانسپورٹ چلائی جائے گی ہم کراچی کو بھی کوشش کررہے ہیں کہ بسیں فراہم کی جائیں، کراچی میں پبلک ٹرانسپورٹ کا بہت بڑا مسئلہ ہے، بجلی پر بسوں کا ماڈل کراچی کو دینا چاہ رہے ہیں اسی حوالے سے گورنر سندھ عمران اسماعیل سے بھی میری بات ہوئی ہے، وہ سندھ حکومت سے اس بارے میں بات کریں گے گورنرصاحب کی جیسے سندھ حکومت سے بات ہوتی ہے تو اگلے مرحلے میں وزیراعلیٰ سے ملاقات کروں گا۔

فواد چوہدری نے کہا کہ وزیر اعلیٰ سے افسوس بھی کریں گے کہ وہ کس طرح شدت پسند گروپ کے ساتھ کام کررہے ہیں، شہید بھٹو کی پارٹی کو مولانا فضل الرحمان کے ساتھ کام کرنا پڑ رہا ہے، آج پی پی کا جیالا بہت مایوس ہے، پی پی کو اپنی سیاست کے لیے بینظیر کے قاتلوں کے ساتھ کھڑا ہونا پڑ رہا ہے، شدت پسند سیاست کا سہارا لینا پڑ رہا ہے، کل لاہورمیں (ن) لیگ لوگ جمع نہیں کرسکی میں نے بلاول صاحب اور (ن) لیگ کو مشورہ دیا تھا کہ اپنے جلسے شادی ہال میں کرلیا کریں کیوں کی ان کے پاس لوگ موجود نہیں ہیں، دوسری طرف مولانا فضل الرحمان مدرسے کے بچوں کواستعمال کررہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کرپشن کا گرینڈ الائنس بناہے، اس کی قیادت مولانا فضل الرحمان کے پاس ہے، انتشار پھیلانے کی مہم شروع کی گئی ہے، یہ تحریک ابو بچاؤ مہم کے طور پر شروع ہوئی تھی، انتشار پھیلاؤ مہم بھی ابو بچاؤ مہم کی طرح ناکام ہوگی، ان کی تحریک شروع ہونے سے پہلے خاتمے پر پہنچ گئی ہے۔

فواد چوہدری نے کہا کہ جن حلقوں میں آر ٹی ایس ڈاؤن ہوا وہاں تحریک انصاف ہاری ہے، عمران خان جب اپوزیشن لیڈر تھے تو انہوں نے چار حلقے کھلوانے کے لیے تحریک چلائی اور ان چاروں حلقوں میں دھاندلی ثابت ہوئی، ہم نے پہلے دن اسمبلی میں کہا کہ اگر الیکشن پر تحقیقات کی ضرورت ہے تو آپ بتائیں ہم تحقیقات کے لیے تیار ہیں، ان کا اصل مسئلہ الیکشن نہیں کچھ اور ہے، میاں صاحب کو اتنا غصہ آیا کہ پرویز رشید سے استعفی لے لیا، ڈان لیکس کے بعد وفاقی حکومت نے 2 پریس ریلیز جاری کی ان کا فوج اور عدلیہ سے صرف یہ مسئلہ ہے کہ آپ ہماری کرپشن چھپانے میں معاونت کیوں نہیں کررہے ہیں۔

انکا کہنا تھا کہ نوازشریف نے ہمیشہ ججوں کو خریدا، نیب کا قانون نواز شریف نے بنایا، نواز شریف کو واپس لانے کے لیے کوشاں ہیں، نواز شریف اخلاقی طورخود واپس آجائیں حکومت تو ان کے خلاف ضرور کارروائی کرے گی، نواز شریف اس وقت سزایافتہ مجرم ہیں، عمران خان نواز شریف سے کوئی ذاتی مسئلہ نہیں، مسئلہ یہ ہے کہ وہ اس ملک کی قوم کا پیسہ لیکر باہر چلے گئے ہیں، میں تو اس وقت بھی کہہ رہا تھا کہ نواز شریف کو جانے نہ دیں، نوازشریف ایک روز کسی ریسٹوران میں ہوتے ہیں دوسرے روز کسی اور میں، ایسا لگتا ہے نوازشریف لندن میں فوڈ ٹیسٹنگ مقابلے میں حصہ لے رہے ہیں۔

فواد چوہدری نے مزید کہا کہ پیپلزپارٹی سیاسی جماعت ہےانہیں ریلی نکالنے کا حق ہے لیکن سمجھ نہیں آتا پیپلزپارٹی اپنے خلاف کیوں ریلی نکال رہی ہے، ہم نے کسی پر پابندی نہیں لگائی ہم چاہتے ہیں کہ سب بولیں تاکہ عوام کو پتہ چلے پیمرا نے عدالتی حکام پر نواز شریف کی تقریر پر پابندی لگائی ہے، ہمارے سول ملٹری تعلقات بہتر ہیں، سارے ادارے حکومت کا حصہ ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔