پشاور ہائیکورٹ میں ڈرون حملوں سے متعلق توہین عدالت کی درخواست سماعت کیلئے منظور

آئندہ سماعت پرسیکریٹری خارجہ پیش ہوں اورحکومت 20 روز مین ڈرون حملوں سے متعلق مکمل ریکارڈ پیش کرے،عدالت عالیہ


ویب ڈیسک December 19, 2013
پشاور ہائیکورٹ ڈرون حملوں کو انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی اور جنگی جرم قرار دے چکی ہے، فوٹو : اے پی پی

ہائیکورٹ نے ڈرون حملوں سے متعلق توہین عدالت کی درخواست سماعت کے لئے منظور کرتے ہوئے وفاقی و صوبائی حکومت اور سیکریٹری خارجہ کو نوٹس جاری کردیئے ہیں۔

انسانی حقوق کی تنظیم کی جانب سے پشاور ہائی کورٹ میں دائر کی گئی درخواست کی سماعت چیف جسٹس پشاور ہائی کورٹ جسٹس دوست محمد خان اور جسٹس نثار پر مشتمل ڈویژنل بنچ نے کی، سماعت کے دوران درخواست گزار نے موقف اختیار کیا کہ ڈرون حملوں کے خلاف دائر درخواست پر عدالت عالیہ ایک فیصلہ دے چکی ہے تاہم متعلقہ ادارے اس فیصلے پر عمل درآمد نہیں کرہے اس لئے ان کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کی جائے، عدالت عالیہ نے درخواست کو سماعت کے لئے منظور کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر سیکریٹری خارجہ کو پیشی جبکہ حکومت کو 20 روز میں ڈرون حملوں سے متعلق مکمل ریکارڈ پیش کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ پشاور ہائی کورٹ نے ڈرون حملوں کے خلاف دائر درخواست کا فیصلہ سناتے ہوئے انہیں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی اور جنگی جرم قرار دیا تھا، اس کے علاوہ حکومت کو ہدایت بھی کی گئی تھی کہ وہ ان حملوں کو رکوانے کے لئے سفارتی ذرائع استعمال کرے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔