بارشیں تعمیراتی صنعت کیلیے مشکلات پیدا کرنے لگیں

شہیدملت انڈرپاس کی سڑک زیرزمین پانی سے خراب ہوئی،بڑے منصوبوںکے ڈیزائن اورتکنیک میں تبدیلی لاناہوگی

حالیہ بارشوں کومدنظر رکھ کرمنصوبے تعمیرکیے جائیں،جاری منصوبوں میں زمین اور مٹی کی دوبارہ جانچ کرائی جائے،خالد مسرور۔ فوٹو: فائل

موسمیاتی تبدیلی تعمیراتی صنعت کے لیے بھی چیلنج بن گئی جب کہ کراچی میں طوفانی بارشوں کے باعث زیر زمین پانی کی سطح بلند ہوگئی جس سے شہر میں تعمیر ہونے والے بڑے منصوبوں کے ڈیزائن اور تعمیراتی تکنیک میں بھی تبدیلی لانا ہوگی۔

سندھ حکومت کے میگا پروجیکٹس کے نگراں خالد مسرور کے مطابق حالیہ بارشوں کی وجہ سے زیر زمین پانی کی سطح اوپر آگئی ہے جس نے دیگر علاقوں کے ساتھ شہید ملت روڈ پر تعمیر ہونے والے انڈر پاس کو بھی متاثر کیا،کراچی میں ہونے والی ریکارڈ بارشوں کی وجہ سے طارق روڈ کے انڈر پاس کے اطراف پانی کی سطح بلند ہونے لگی جو سڑک کے نیچے سے دباؤ کا ذریعہ بنی اور انڈر پاس کی سڑک خراب کرنے کا سبب بنی ،انڈر پاس کی تعمیر سے قبل زمین کی ساخت اور نمی کا تناسب کچھ اور تھا جو بارشوں کے بعد تبدیل ہوگیا۔


انھوں نے بتایا کہ انڈر پاس کو محفوظ بنانے اور زیر زمین پانی کو دیواروں اور زمین کے نیچے سے اوپر آنے سے روکنے کے لیے انڈر پاس کی دیواروں میں سوراخ کیے گئے ہیں جہاں سے بارشوں کا جمع شدہ پانی رس رہا ہے جسے پمپ کے ذریعے نکالا جارہا ہے، خراب ہونے والی جگہ کو بھی کنکریٹ کے سلیب اور خصوصی پیورنگ کمپاؤنڈ کے ذریعے محفوظ بنایا جارہا ہے تاکہ زیر زمین پانی کی سطح بلند ہونے سے زمین کے نیچے سے پڑنے و الے دباؤ اور نمی سے سڑک کو پہنچنے والے نقصان کو کم کیا جائے۔

انھوں نے کہا کہ انڈر پاس میں آئندہ 3 روز میں کارپٹنگ کردی جائے گی اور آمدورفت کے لیے کھول دیا جائے گا، خالد مسرور نے کہا کہ کراچی کے لیے جو میگا پروجیکٹس اعلان کیے گئے اور جو اب تعمیر ہوںگے اس کے لیے انھوں نے سندھ حکومت کو مشورہ دیا ہے کہ اب گزشتہ 20 سال کے بارشوں کے ریکارڈ کے بجائے حالیہ ریکارڈ توڑ بارشوں کو مدنظر رکھتے ہوئے تعمیر کیے جائیں جو منصو بے پہلے سے شرو ع ہوچکے ہیں ان کی بھی زمین اور مٹی کی ازسرنو جانچ کرائی جائے۔

خالد مسرور نے کہا کہ سڑکوں کے لیے ضروری ہے کہ وہاں پانی کی جلد سے جلد نکاسی کردی جائے تاکہ کارپٹ کو اکھڑنے سے بچایا جاسکے، بارش کا پانی جمع ہونے سے تارکول کی سڑک میں چپکنے کی صلاحیت ختم ہوجاتی ہے اور چھوٹے سے ٹکڑے سے خرابی شروع ہوکر بڑے گڑھے میں تبدیل ہوجاتی ہے۔
Load Next Story