سلمان شہباز کے اکاؤنٹ میں بجری والے کے نام سے ہزاروں ڈالر منتقلی کا انکشاف

اندرون سندھ کے بجری فروش نے رقم کی منتقلی سے لاعلمی کا اظہار کردیا۔

اندرون سندھ کے بجری فروش نے رقم کی منتقلی سے لاعلمی کا اظہار کردیا۔

شہباز شریف فیملی منی لانڈرنگ انکوائری میں بجری والے کے نام سے ہزاروں ڈالر منتقلی کا انکشاف ہوا ہے۔

سابق وزیراعلی پنجاب میاں شہباز شریف اور ان کی فیملی کو منی لانڈرنگ کے ذریعے لاکھوں کروڑوں روپے بھجوانے والے ملزمان میں پاپڑ فروش، مزدور اور کباڑیے کے بعد اینٹوں، بجری والے کی بھی انٹری ہوگئی۔ بجری والے کا تعلق اندرون سندھ کے چھوٹے سے قصبے سے نکلا جس نے رقم سے لاعلمی کا اظہار کیا۔


نیب دستاویزات میں اس امر کا انکشاف کیا گیا ہے کہ سندھ کے قصبے گوٹھ گجو کے بجری والے پرویز پھلپوٹو کے نام سے 45 ہزار 450 امریکی ڈالر سلمان شہباز کو منتقل ہوئے۔

6 مئی 2010 کو الزارونی ایکسچینج دبئی سے 45 ہزار 450 ڈالر کی رقم سلمان شہباز کو منتقل ہوئی اور رقم بھیجنے کے لیے جس شخص کا اکاؤنٹ استعمال کیا گیا وہ صرف اینٹوں اور بجری کا کام کرتا ہے جس نے رقم کی منتقلی سے لاعلمی کا اظہار کیا ہے۔


یہ بھی پڑھیں: شریف فیملی منی لانڈرنگ انکوائری؛ کباڑی کے اکاؤنٹ سے بھی رقم بھیجنے کا انکشاف


پرویز پھلپوٹو نے نیب تحقیقاتی ٹیم کو دیے گئے بیان میں کہا کہ عمرے کی غرض سے صرف ایک مرتبہ سعودی عرب گیا تھا اس کے علاوہ بیرون ملک کہیں نہیں گیا، میری ماہانہ آمدنی 25 سے 30 ہزار روپے ہے، 45 ہزار ڈالر کی رقم تو کبھی دیکھی ہی نہیں، میں بجری فروش ہوں میرے اتنے وسائل نہیں کہ اتنی رقم کسی کو دے سکوں، دو وقت کی روٹی بمشکل کماتا ہوں۔

پرویز پھلپوٹو نے شہباز شریف اور ان کے بیٹے سلمان شہباز سمیت خاندان کے کسی بھی فرد سے کاروباری یا ذاتی تعلق کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ سلمان شہباز نے جعل سازی اور فراڈ کرتے ہوئے میرا نام استعمال کرکے رقم بھجوائی، نیب شہباز خاندان کیخلاف جعل سازی کی کارروائی کرے۔
Load Next Story