سونے کی بین الاقوامی اور مقامی قیمتوں میں اضافہ

دبئی گولڈ مارکیٹ کے مقابلے میں پاکستانی صرافہ مارکیٹوں میں پیر کو بھی فی تولہ سونے کی قیمت 5000روپے کم رہی

دبئی کے مقابلے میں پاکستان کی مقامی مارکیٹ میں سونے کی قیمت 5 ہزار روپے کم ہےٖ(فوٹو، فائل)

بین الاقوامی اور مقامی مارکیٹ میں سونے کی قیمت بڑھ گئی۔

بین الاقوامی بلین مارکیٹ میں فی اونس 24 قیراط سونے کی قیمت 6ڈالر کے اضافے سے 1906ڈالر کی سطح پرپہنچنے کے باعث مقامی صرافہ مارکیٹوں میں بھی پیر کو فی تولہ اور فی دس گرام سونے کی قیمتوں میں بالترتیب 700روپے اور 600روپے کا اضافہ ہوگیا۔


اضافے کے بعد کراچی حیدرآباد سکھر ملتان لاہور فیصل آباد اسلام آباد راولپنڈی پشاور اور کوئٹہ کی صرافہ فی تولہ سونے کی قیمت بڑھکر 112500روپے اور فی دس گرام سونے کی قیمت بڑھکر 96450روپے ہوگئی۔

بلین مارکیٹ کے نمائندوں کا کہناہے کہ دبئی گولڈ مارکیٹ کے مقابلے میں پاکستانی صرافہ مارکیٹوں میں پیر کو بھی فی تولہ سونے کی قیمت 5000روپے کم رہی ہے۔تاہم اسکے برعکس تولہ چاندی کی قیمت بغیرکسی تبدیلی کے 1200روپے اور دس گرام چاندی کی قیمت 1028روپے 80پیسے پر مستحکم رہی ہے۔
Load Next Story