اداکارہ میرا کی ذہانت کو سلام علامہ اقبال کو قومی ترانے کا خالق قراردیدیا

علامہ اقبال نے سنجیدگی سے پاکستان کا خواب دیکھا اورمیں بھی سنجیدگی سے اسپتال بنانے کے پروجیکٹ پرکام کررہی ہوں، میرا

شہباز شریف سے گزارش ہے اسپتال کی تعمیر کیلئے لاہور میں 10 ایکڑ زمین فراہم کی جائے، میرا فوٹو؛ایکسپریس نیوز

اداکارہ میرا عجیب وغریب بیانات میں تو ویسے بھی اپنا ثانی نہیں رکھتیں لیکن اب انہوں نے اپنی ذہانت کا ایک اور مظاہرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ شاعر مشرق علامہ اقبال نے سنجیدگی سے پاکستان کا خواب دیکھا اور قومی ترانہ لکھا۔

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے میرا کا کہنا تھا کہ میں بھی اسپتال بنانے سے متعلق بڑے سنجیدہ پروجیکٹ پر کام کررہی ہوں، میرے بیانات پر تنقید اور میرا مذاق اڑایا جاتا ہے لیکن میں نے مذاق کو کبھی سنجیدہ نہیں لیا۔ انہوں نے کہا کہ شاعر مشرق علامہ اقبال نے بھی سنجیدگی سے پاکستان کا خواب دیکھا اور قومی ترانا لکھا اسی طرح میں بھی اپنے مقصد میں کامیاب رہوں گی، صحافیوں کو چاہئے کہ اپنے قلم کا استعمال تخلیقات کے لئے کریں تاکہ اسپتال بنانے کے مقصد میں کامیاب ہوسکوں۔


اس موقع پر میرا کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف غریبوں کےلئے درد رکھتے ہیں اور وہ حقیقت میں خادم اعلیٰ ہیں جو ہمیشہ اچھے کاموں میں سب سے آگے ہوتے ہیں، میرا نے شہباز شریف سے اپیل کی کہ انہیں لاہور میں 10 ایکڑ زمین فراہم کی جائے تاکہ اسپتال کی تعمیرکا کام جلد شروع کیا جاسکے۔

اداکارہ میرا کا کہنا تھا کہ امریکا سے 52 ہزار ڈالر اکٹھے کئے جاچکے ہیں جب کہ وہاں مقیم پاکستانیوں نے مزید 20 لاکھ ڈالر دینے کا وعدہ کیا ہے۔
Load Next Story