کراچی کے مختلف علاقوں میں سی آئی ڈی کی کارروائی 6 ٹارگٹ کلرز گرفتار

کالعدم تنظیم کے زیر حراست ملزمان کے قبضے سے علمائے کرام کے 7 ناموں پر مشتمل ہٹ لسٹ بھی برآمد ہوئی ہے، راجا عمر خطاب


ویب ڈیسک December 19, 2013
گرفتار ملزمان نےٹارگٹ کلنگ اورڈکیتیوں کی مختلف وارداتوں میں کا اعتراف کیا، انچارچ سی آئی ڈی فوٹو:فائل

شہر میں سی آئی ڈی پولیس نے مختلف کارروائیوں میں گینگ وار اور سیاسی و مذہبی جماعتوں سے تعلق رکھنے والے 6 ٹارگٹ کلرز گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔


سی آئی ڈی یونٹ کے انچارج راجا عمر خطاب نے پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ انہیں ملنے والی خفیہ اطلاعات پر سرجانی ٹاؤن، لیاری اور بلدیہ ٹاؤن میں کارروائیاں کی گئیں جس کے نتیجے میں کالعدم تنظیم کے 2 کارکن محمد آصف عرف عبد اللہ اورشہادت حسین کو گرفتار کیا گیا ،ملزمان ٹارگٹ کلنگ اورڈکیتیوں کی مختلف وارداتوں میں ملوث تھے جبکہ ملزمان کے قبضے سے علمائے کرام کے 7 ناموں پر مشتمل ہٹ لسٹ بھی برآمد ہوئی ہے۔

راجا عمر خطاب کا مزید کہنا تھا کہ ٹارگٹڈ کارروائیوں کے دوران شاداب احمد، عدنان، کامران عرف کموں اورعمیرعرف ملی کو بھی گرفتار کیا گیا ، ان کا تعلق لیاری گینگ وار گروپ اور مختلف سیاسی و مذہبی جماعتوں سے ہے۔ ملزمان نے ابتدائی تفتیش کے دوران کئی افراد کے قتل اوربھتے کی وصولی کا بھی اعتراف کیا ہے۔

دوسری جانب رینجرز نے بھی گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پرانی سبزی منڈی، سہراب گوٹھ، لانڈھی، زکریا گوٹھ اورفقیر کالونی میں ٹارگٹڈ کارروائیوں کے دوران 22 ملزمان کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے بڑی تعداد میں اسلحہ برآمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔