نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ فخر زمان نے خیبرپختونخوا کو مسلسل چوتھی کامیابی دلادی

نوجوان بیٹسمین عبداللہ شفیق 5 میچوں میں 236 رنز بناکر ایونٹ کے ٹاپ اسکورر بن گئے


Sports Reporter/ October 06, 2020
نوجوان بیٹسمین عبداللہ شفیق 5 میچوں میں 236 رنز بناکر ایونٹ کے ٹاپ اسکورر بن گئے - فوٹو: پی سی بی

نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ کے 13ویں میچ میں خیبرپختونخوا نے فخرزمان کی بہترین بیٹنگ کی بدولت سنٹرل پنجاب کو 29 رنز سے ہرا کر پوائنٹس ٹیبل پر دوسری پوزیشن حاصل کرلی۔

کامران اکمل اور عبداللہ شفیق کے درمیان 92 رنز کی شراکت کے باوجود سینٹرل پنجاب کی پوری ٹیم 149 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ کامران اکمل 47 اور عبداللہ شفیق 43 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ 21 سالہ بیٹسمین 5 میچوں میں 236 رنز بناکر اب تک ایونٹ کے ٹاپ اسکورر ہیں۔

ان دونوں بلے بازوں کے علاوہ سینٹرل پنجاب کا کوئی اور بیٹسمین خیبرپختونخوا کی باؤلنگ کے سامنے جم کر نہ کھیل سکا اور یکے بعد دیگرے آؤٹ ہوکر پویلین واپس لوٹتے رہے۔ خیبرپختونخوا کے ارشد اقبال، جنید خان، آصف آفریدی اور وہاب ریاض نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔

اس سے قبل خیبرپختونخوا کے کپتان محمد رضوان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو اوپنر فخر زمان نے ایونٹ میں مسلسل دوسری نصف سنچری بنا ڈالی۔ وہ 3 چوکوں اور 5 چھکوں کی مدد سے 66 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔



شعیب ملک کے ناٹ آؤٹ 27 اور آصف آفریدی کے 7 گیندوں پر 20 رنز کی مدد سے خیبرپختونخوا نے 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 178 رنز بنائے۔ کپتان محمد رضوان نے 23 رنز بنائے۔ احمد بشیر نے 32 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں۔

فخر زمان کو مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔ بائیں ہاتھ کے بیٹسمین کا کہنا تھا کہ میچ کے آغاز میں پچ بیٹنگ کے لیے آسان نہیں تھی مگر جوں جوں گیند پرانی ہوتی گئی ویسے ہی رنز بنانے کی رفتار تیز کردی جس کا فائدہ ہوا۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ گذشتہ چند عرصے سے سخت محنت کررہے ہیں، انہیں خوشی ہے کہ ان کی انفرادی کارکردگی کی وجہ سے ٹیم کو فتح ملی، وہ آئندہ میچوں میں بھی اچھی کارکردگی کا تسلسل برقرار رکھنے کی کوشش کریں گے۔

دونوں ٹیمیں اب 14 اکتوبر کو پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم راولپنڈی میں مدمقابل آئیں گی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں