اسکول انتظامیہ فیسوں کا مطالبہ کرکے بچوں کو ہراساں نہ کریں پشاور ہائیکورٹ

پشاور ہائی کورٹ نے صوبائی حکومت اور محکمہ تعلیم کو نوٹسز جاری کردیئے

اسکولز انتظامیہ کی جانب سے فیسوں کے نام پر بچوں کو ہراساں کیا جارہا ہے، درخواست گزار۔ فوٹو:فائل

ہائی کورٹ نے حکم دیا ہے کہ نجی اسکول فیسوں کا مطالبہ کرکے بچوں کو ہراساں نہ کیا جائے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق پشاور ہائی کورٹ میں نجی اسکولوں کی جانب سے لاک ڈاؤن کے دوران فیسوں کی وصولی کے خلاف دائر درخواست پر سماعت ہوئی، والدین کی جانب سے دائر رخواست پر سماعت چیف جسٹس وقار احمد سیٹھ اور جسٹس لعل جان خٹک نے کی۔


درخواست گزار کے وکیل نے مؤقف پیش کیا کہ حکومت نے فیسوں میں صرف دس فیصد ریلیف دیا ہے جو نہ ہونے کے برابر ہے اور اسکول انتظامیہ کی جانب سے فیسوں کے نام پر بچوں کو ہراساں کیا جارہا ہے، کورونا وائرس میں لاک ڈاؤن کے دوران 7 ماہ تک اسکول بند رہے، عدالت اسکول مالکان سے 7 ماہ کی فیس معافی کا حکم دے۔

عدالت نے صوبائی حکومت اور محکمہ تعلیم کو نوٹسز جاری کرتے ہوئے حکم دیا کہ فیسوں کا مطالبہ کرکے بچوں کو ہراساں نہ کیا جائے، عدالت نے کیس کی سماعت 14 اکتوبر تک ملتوی کردی۔
Load Next Story