مخدوم امین فہیم کا بیٹا کرپشن کے الزام میں نااہل قرار

مخدوم جلیل الزماں پر 10 سال کے لئے ملزم کے ہر قسم کے الیکشن لڑنے پر پابندی ہوگی، عدالتی فیصلہ


ویب ڈیسک October 07, 2020
مخدوم جلیل الزماں نے گرفتار کئے جانے کے بعد پلی بارگین کی درخواست کی تھی فوٹو: فائل

احتساب عدالت نے پیپلز پارٹی کے مرحوم رہنما مخدوم امین فہیم کے بیٹے مخدوم جلیل الزماں کو ڈیڑھ کروڑ روپے کی کرپشن سے متعلق کیس میں دس سال کیلئے نااہل قرار دے دیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق حیدرآباد کی احتساب عدالت میں پیپلز پارٹی کے مرحوم رہنما مخدوم امین فہیم کے بیٹے مخدوم جلیل الزماں کے خلاف ڈیڑھ کروڑ روپے کی کرپشن سے متعلق کیس پر سماعت ہوئی۔ عدالت نے مخدوم جلیل الزماں کی پلی بارگین کی درخواست منظور کرتے ہوئے انہیں رہا کردیا۔

عدالت کی جانب سے جاری کیے گئے تفصیلی فیصلے میں کہا گیا ہے کہ پلی بارگین کی درخواست جمع کروانے پر مخدوم جلیل الزماں ولد مخدوم امین فہیم مرحوم مجرم ثابت ہوتا ہے، مخدوم جلیل الزماں کو 10 سال کیلئے نااہل قرار دیا جاتا ہے، ان پر ہر قسم کے الیکشن لڑنے پر پابندی عائد ہوگی۔ وہ کسی عوامی دفتر میں نہیں بیٹھ سکیں گے۔ وہ کسی قسم کی مالی سہولیات حاصل کرنے کے لئے بھی نااہل ہوں گے۔ وہ کسی بھی سرکاری اور نجی بینک سے ملزم کوئی قرض اور ایڈوانس وصول نہیں کرسکیں گے۔

واضح رہے کہ مخدوم جلیل الزماں پر سابق اکاؤنٹ افسر حیدرآباد مشتاق شیخ سے ڈیڑھ کروڑ روپے غیرقانونی وصولی کا الزام تھا۔ نیب نے مخدوم جلیل الزماں کو گرفتار کیا تھا جس پر انہوں نے پلی بارگین کی درخواست کی تھی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں