اسٹیٹ بینک نے بینکوں کیلیے ترغیب اور سزا کا طریقہ کار متعارف کرا دیا

سہ ماہی میں ہاؤسنگ اور عمارات کی تعمیرات کیلیے فنانسنگ کا مقررہ ہدف حاصل کرنے پر مطلوبہ نقد ِمحفوظ کم ہوجائے گا


Business Reporter October 08, 2020
ہدف حاصل نہ ہونے پر جتنی رقم ہدف سے کم ہوگی اتنا ہی اضافی نقدمحفوظ رکھنا ہوگا، طریقہ کار31 دسمبر سے نافذ ہوگا فوٹو : فائل

اسٹیٹ بینک نے بینکوں کے لیے ترغیب اور سزا کا طریقہ کار متعارف کرا دیا۔

بینک دولت پاکستان نے مارگیج قرضے اور ڈیولپرز اور بلڈرز کو مالکاری کی فراہمی کی خاطر بینکوں کیلیے لازمی ہدف مقرر کرنے کے قبل ازیں کیے گئے اقدام کو مزید آگے بڑھاتے ہوئے ان اہداف کو پورا کرنے کی ترغیب دینے کا طریقہ کار متعارف کرایا ہے۔ اس طریقہ کار میں ہدف پورا کرنے میں ناکامی پر بینکوں کے لیے سزائیں بھی شامل ہیں۔

اس طریقہ کار کے مطابق، جو 31 دسمبر 2020ء کو شروع ہوگا ،بینکوں کو یہ ترغیب حاصل ہوگی کہ اگر وہ کسی سہ ماہی میں ہاؤسنگ اور عمارات کی تعمیرات کے لیے فنانسنگ کا مقررہ ہدف حاصل کرلیتے ہیں یا اس حد سے تجاوز کرجاتے ہیں تو اگلی سہ ماہی میں اسٹیٹ بینک میں رکھا جانے والا مطلوبہ نقد ِمحفوظ کم کردیا جائے گا۔

اگلی سہ ماہی کے لیے مطلوبہ نقد ِمحفوظ کی رقم میں اتنی کمی کی جائے گی جتنا 30 جون 2020ء سے متعلقہ سہ ماہی کے آخر تک ہاؤسنگ اور تعمیرات کی مالکاری میں اضافہ ہوگا۔ تاہم یہ ترغیب مجموعی طلبی اور زمانی واجبات کے ایک فیصد کی بالائی حد سے مشروط ہوگی جس کے مطابق مطلوبہ نقد ِمحفوظ کا حساب لگایا جاتا ہے۔ مزید یہ کہ بینک یومیہ کم از کم مطلوبہ نقد ِمحفوظ، جو اس وقت 3 فیصد ہے، برقرار رکھنے پر قائم رہیں گے۔

اس کے برعکس اگر بینک ہدف پورا کرنے میں ناکام رہے تو انھیں یہ سزا دی جائے گی کہ جتنی رقم ہدف سے کم ہوگی اتنا ہی اضافی مطلوبہ نقد ِمحفوظ رکھنا ہوگا۔ اسٹیٹ بینک ملک میں ہاؤسنگ اور تعمیراتی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے فنانس کو تقویت دینے کی خاطر بینکوں کے ساتھ فعال طور پر کام کررہا ہے۔

مکانات کی تعمیر اور شعبہ تعمیرات کی نمو معیشت کے لیے بے حد اہم ہے کیونکہ اس کے متعدد منسلکہ صنعتوں سے روابط ہیں اور اس میں روزگار تخلیق کرنے کی استعداد ہے، نیز بیشتر ہمسر ممالک کے مقابلے میں پاکستان میں نجی شعبے کے قرضے اور جی ڈی پی کا تناسب کم ہے۔

اس شعبے میں فنانسنگ بڑھانے کے لیے اسٹیٹ بینک نے بینکوں کے لیے لازمی اہداف کو پورا کرنا ضروری قرار دیا ہے جس کے مطابق 31 دسمبر 2021ء تک ان کی ہاؤسنگ اور تعمیرات کی مالکاری ملکی نجی شعبے کے قرضے کے 5 فیصد کے مساوی ہونی چاہیے۔ چنانچہ 31 دسمبر 2020ء سے 31 دسمبر 2021ء تک کے سہ ماہی اہداف بینکوں کے ساتھ طے ہوگئے ہیں

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں