خوف کی علامت بننے والے تالا توڑ گروپ کی فوٹیج سامنے آگئی

ملزمان ڈیفینس اور کلفٹن کے علاقے میں دکانوں کے تالے کاٹ کر صفایا کرنے کی وارداتوں میں ملوث ہیں


Staff Reporter October 08, 2020
سیاہ رنگ کی کرولا کار پر سوار ہوکر آنے والے ملزمان خوف کی علامت بن چکے ہیں۔(فوٹو، فائل)

ڈیفنس میں سیاہ کرولا کار میں سوار تالا توڑ گروپ خوف کی علامت بن گیا۔

ملزمان نے کلفٹن کے علاقے زمزمہ کمرشل ایریا لین نمبر 4 ڈیفنس فیز 5 میں ڈیزائنر شاپ سے لاکھوں روپے مالیت کے سوٹ ، نقدی ، کپڑوں تھان اور دیگر سامان لوٹ کر فرار ہوگئے جس کی فوٹیج سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

وائرل ہونے والی فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ 7 اکتوبر کی صبح پونے سات بجے کے قریب سیاہ رنگ کی ٹویوٹا کرولا کار میں سوار 3 ملزمان میں سے ایک ملزم نے انتہائی اطمینان کے ساتھ اپنے ساتھ لائے ہوئے کٹر کی مدد سے دکان پر لگے ہوئے تالے کاٹے جس کے بعد اس کا ایک ساتھی نے شٹر اٹھا کر دکان میں داخل ہوا جبکہ تیسرا پلاسٹک کا تھیلا لے کر آیا۔

دکان کے اندر لگے کیمروں کی فوٹیج میں بخوبی دیکھا جا سکتا ہے کہ ملزمان اسٹینڈ پر لگے ہوئے شلوار قمیض تھیلے میں بھر رہے ہیں اور کچھ ہی دیر کے بعد دکان سے کپڑوں کے سوٹ اور نقدی لوٹ کر سیاہ کار میں بیٹھ کر فرار ہوجاتے ہیں۔

اس حوالے سے دکان کے مالک فہد اجمل نے بتایا کہ دکان کے تالے توڑ کر کی گئی وارات میں انھیں 25 لاکھ روپے مالیت کا نقصان ہوا ہے جس میں 45 ہزار روپے نقدی بھی شامل ہے۔ ملزمان دکان سے سلے ہوئے اور بغیر سلے ہوئے لاکھوں روپے مالیت کے شلوار قیمض سوٹ اور تھان لے گئے ہیں۔

اس سے قبل 28 اگست کو بھی دکان میں لگے ہوئے ایگزاسٹ فین کے راستے نامعلوم ملزمان نے دکان میں داخل ہو کر 2 لیپ ٹاپ اور 35 ہزار روپے نقد چوری کیے تھے ، انھوں نے بتایا کہ واقعہ کا مقدمہ کلفٹن تھانے میں درج کرا دیا ہے ۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔