زمبابوے سے سیریز لاہور منتقل کرنے پر غور

 ملتان میں کرکٹ میچز کے اخراجات کا بل پی سی بی کا دل کھٹا کرگیا


Express News/Sports Reporter October 10, 2020
ضلعی انتظامیہ نے ون ڈے میچز کی میزبانی کیلیے 20کروڑ روپے طلب کرلیے فوٹو : فائل

ملتان میں کرکٹ اخراجات کا بل پی سی بی کا دل کھٹا کرگیا جب کہ بورڈ نے میچز ہی لاہور منتقل کرنے پر غور شروع کردیا۔

پی ایس ایل میچز اور قومی ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ کے پہلے مرحلے کی میزبانی ملتان نے کی تھی، اب وہاں کے کمشنر نے 15 کروڑ 17 لاکھ روپے کا بل پی سی بی کو بھجوا دیا ہے، ذرائع کے مطابق لائٹنگ، جنریٹرز اور پارکنگ سمیت مختلف انتظامات کی مد میں ہونے والے اخراجات اس میں شامل کیے گئے ہیں۔

زمبابوے سے ون ڈے سیریزمیں انتظامات کیلیے ملتان کی انتظامیہ نے پی سی بی سے 20 کروڑ روپے بھی طلب کیے،اس صورتحال میں ایک روزہ میچز لاہور میں کرانے کا قوی امکان ہے، ذرائع نے بتایاکہ بورڈ ملتان کی ضلعی انتظامیہ کے رویے سے نالاں ہے۔

اسی لیے شہرکو وینیوز کی فہرست سے نکال دیا اور لاہور کو بطور دوسراآپشن رکھتے ہوئے ضلعی انتظامیہ اور دیگر متعلقہ اداروں سے مشاورت شروع کردی،جلد تمام معاملات کو حتمی شکل دے دی جائے گی، میچ وینیو کی تبدیلی کے حوالے سے زمبابوین بورڈکو بھی اعتماد میں لے لیا گیا ہے۔

یاد رہے کہ زمبابوے کیخلاف ون ڈے سیریز کے 3 میچز 30 اکتوبر سے 3 نومبر تک ملتان، تینوں ٹی ٹوئنٹی مقابلے 7سے 10نومبر تک راولپنڈی میں شیڈول ہیں،ایک روزہ سیریزمیں وینیو کی تبدیلی کیلیے پیش رفت چند روز میں سامنے آجائے گی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔