ہماری تحریک جمہوریت کیلئے ہے اداروں سے ٹکراؤ کے حق میں نہیں شاہد خاقان

احتجاجی تحریک سے حکومتیں گرنے کی تاریخ تو نہیں لیکن ہمارا احتجاج ان کی چولیں ہلا دے گا، مدیران سے گفتگو


Staff Reporter October 10, 2020
سابق وزیر اعظم نے کراچی میں پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور اخبارات و جرائد کے مدیروں سے ملاقات کی(فوٹو، فائل)

سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ ن کے رہنما شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ ہم اداروں سے ٹکرائو کے حق میں نہیں بلکہ مسائل میں گھرے عوام کو نا اہل حکومت سے نجات دلانا چاہتے ہیں۔

مسلم لیگ ہاﺅس کراچی میں اخبارات و جرائد کے مدیروں سے گفتگو میں انہوں ںے کہا کہ تحریک انصاف کی ناقص پالیسیوں کی وجہ سے ملک گمبھیر مسائل میں گھر گیا ہے۔ امید کی کوئی کرن کہیں سے بھی دکھائی نہیں دے رہی، اس سے پہلے کہ صورت حال پوائنٹ آف نو ریٹرن پر پہنچے وزیر اعظم عمران خان اور نااہل ٹولے کو گھر بھیجا جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ سوا دو سالوں میں حکومت مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے اور اپنی ناکامیوں پر پردہ ڈالنے کے لئے اپوزیشن کے خلاف انتقامی کارروائیوں کی انتہا کر دی ہے۔ نیب کو احتساب کے نام پر مخالف سیاسی قیادت کی کردار کشی اور ان کے خلاف انتقامی کارروائیوں کے لئے استعمال کیا جا رہا ہے جو انتہائی خطرناک رجحان ہے۔ اگر نیب نیازی گٹھ جوڑ سے چھٹکارا حاصل نہ کیا گیا تو ملک اور جمہوریت کو ناقابل تلافی نقصان پہنچے گا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کی احتجاجی تحریک کسی ادارے یا کسی شخصیت کے خلاف نہیں، ہم اداروں سے ٹکرائو کے حق میں نہیں بلکہ مسائل میں گھرے عوام کو نا اہل حکومت سے نجات دلانے اور ملک میں جمہوریت کی بالادستی قائم کرنے کے لئے تحریک چلا رہے ہیں کیونکہ ہم سمجھتے ہیں کہ یہ حکومت مزید برسراقتدار رہی تو ملک پہلے ہی ان کی ناتجربہ کاری کی بھینٹ چڑھا ہوا ہے، اسے مزید تباہی سے بچانا ہوگا۔

ایک اور سوال کے جواب میں سابق وزیر اعظم نے کہا کہ ملک میں کبھی بھی کسی احتجاجی تحریک سے حکومتیں گرنے کی تاریخ موجود نہیں ہے لیکن پی ڈی ایم کا احتجاج ان کی چولیں ہلا کر رکھ دے گا، جونظر بھی آرہا ہے کہ ابھی تحریک کا آغاز ہوا ہے اور حکومت نے واویلا شروع کردیا ہے۔

لاہور میں بغاوت کے مقدمے کے اندراج کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ ہمیں کسی سے حب الوطنی کی سند لینے کی ضرورت نہیں ہے ،ہمارا مرنا جینا، اوڑھنا بچھونا یہ ملک اور اس کی مٹی ہے لیکن ہمیں افسوس ہے کہ یہ نااہل حکومت اور سلیکٹڈ وزیراعظم سیاسی مخالفت میں اتنے آگے بڑھ گئے ہیں کہ محب وطن لوگوں میں غداری کے سرٹیفیکیٹ بانٹے جا رہے ہیں۔ لیکن ہم ان حربوں سے ڈرنے یا پیچھے ہٹنے والے نہیں ہیں، ہم نا اہلوں کے ٹولے کو گھر بھیج کر ہی دم لیں گے۔

ملاقات میں اخبارات و جرائد کے مدیران ڈاکٹر عبدالجبار خٹک، عبدالخالق علی، مقصود یوسفی، سعید خاور، طاہر نجمی، امین یوسف، ابرار بختیار، محمود خالد دیگر ملاقات میں شریک تھے۔ قبل ازیں شاہد خاقان عباسی نے چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری سے ملاقات کی اور انہیں مسلیم لیگ ن کے زیر اہتمام گوجرانوالہ میں پی ڈی ایم کے جلسے میں شرکت کی دعوت دی۔ بلاول بھٹو زردار نے ن لیگ کے گوجرانوالہ جلسے میں شرکت کی ہامی بھرلی ہے۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں