اسلام آباد ہائی کورٹ نے پنجاب میں سی این جی فراہمی کا سابقہ شیڈول بحال کردیا

عدالت نےحکومت کی نئی پالیسی کو معطل کرتے ہوئے پنجاب کے سی این جی سیکٹر کو ہفتےمیں 2 روزسی این جی فراہم کرنےکاحکم دیاہے


ویب ڈیسک December 20, 2013
حکومت نے 10 دسمبر کو پنجاب بھر میں صنعتی سیکٹر، سی این جی اسٹیشنز اور بجلی بنانے والے کارخانوں کو گیس کی فراہمی غیر معینہ مدت کے لئے بند کردی تھی۔ فوٹو: فائل

اسلام آباد ہائی کورٹ نے حکومت کی جانب سے پنجاب میں سی این جی اسٹیشنز کو غیر معینہ مدت تک گیس کی فراہمی بند کرنے کا فیصلہ معطل کرتے ہوئے سابقہ شیڈول بحال کردیا۔

اسلام آباد ہائی کورٹ میں جسٹس شوکت عزیز صدیقی پر مشتمل سنگل رکنی بنچ نے قمر افضل کی جانب سے دائر متفرق درخواست پر فیصلہ سناتے ہوئے پنجاب میں سی این جی سیکٹر کو گیس کی فراہمی کا سابقہ شیڈول بحال کرنے کا حکم دیا ہے جس کے تحت ہفتے میں 2 روز سی این جی اسٹیشن کی گیس کی فراہمی ممکن بنائی جائے گی جب کہ عدالت نے سی این جی اسٹیشنز کو غیر معینہ مدت تک گیس کی فراہمی بند رکھنے کی حکومتی پالیسی کو بھی معطل کردیا۔

قمر افضل کی جانب سے دائر متفرق درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ گیس کی بندش کے باعث سی این جی انڈسٹری کو کافی نقصان پہنچا ہے جب کہ اس سے وابستہ لوگ بے روزگار ہورہے ہیں۔ درخواست میں یہ بھی کہا گیا تھاکہ حکومت نے صنعتوں کو دو دن گیس کی فراہمی کا اعلان کیا لیکن سی این جی اسٹیشنز کو تاحال گیس فراہم نہیں کی جارہی۔ عدالت نے کیس کی سماعت فروری کے تیسرے ہفتے تک ملتوی کرتے ہوئے اوگرا سمیت متعلقہ حکام سے جواب طلب کرلیا۔

واضح رہے کہ حکومت نے 10 دسمبر کو سردی کی شدت میں اضافے کے باعث سوئی ناردرن گیس پائپ لائنز کے شارٹ فال میں غیر معمولی اضافے کے بعد پنجاب بھر میں صنعتی سیکٹر، سی این جی اسٹیشنز اور بجلی بنانے والے کارخانوں کو گیس کی فراہمی غیر معینہ مدت کے لئے بند کردی تھی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔